جماعت اسلامی کی کوششوں سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت گرفتار 10 افراد رہا

Jamaat-e-Islami

Jamaat-e-Islami

کراچی (پ ر) جماعت اسلامی کی کوششوں سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت بلال کالونی تھانے کی حدود سیکٹر 5-J کی کچی آبادی، مصطفیٰ کالونی سے گرفتار 10 افراد ضمانت پر رہا۔

تفصیلات کے مطابق بلال کالونی تھانے کی حدود سیکٹر 5-J کی کچی آبادی، مصطفیٰ کالونی سے مالک مکان اور کرایہ داروں کو کرایہ نامہ جمع نہ کرانے پر گرفتارکیا گیا، جماعت اسلامی نارتھ کراچی کے نائب امیر و ناظم علاقہ عبدالعزیز، فیصل جمیل صدیقی اور ناظم حلقہ طاہر نذیر نے مقامی تھانے کے ایس ایچ او مرتضیٰ راجپوت سے رابطہ کرکے احتجاج کیا کہ بغیر کسی نوٹس کے یہ گرفتاریاں بلاجواز ہیں، بعد ازاں ان تمام افراد کو ضمانت پر رہا کرایا گیا۔

دریں اثناء امیر جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی طارق مجتبیٰ خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی قانون کی عملداری اور بالادستی پر یقین رکھتی ہے لیکن قانون کی آڑ لے کر غریب اور مغلوک الحال لوگوں پر ظلم برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سینٹرل سے مطالبہ کیا ہے کہ بغیر کسی پیشگی نوٹس بلاجواز گرفتاریاں بند کی جائیں۔