جماعت الدعوۃ، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کیلئے چندے وصول کرنے پر پابندی عائد

Securities and Exchange Commission of Pakistan

Securities and Exchange Commission of Pakistan

اسلام آباد (جیوڈیسک) جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کیلئے چندے اور عطیات وصول کرنے پر پابندی عائد کر دیئے گئے ہیں۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ سٹیٹ بینک کو کالعدم تنظیموں کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

وزیر اعظم کی ہدایت پر سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے جماعت الدعوۃ کے نام سے قائم تنظیم کے خلاف نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ جماعت الدعوۃ، لشکر طیبہ اور القاعدہ چندہ اور عطیات جمع نہیں کر سکیں گی۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس مین مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ بھی شریک تھے۔

دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ بھی اس حوالے سے متحرک ہو گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے 71 کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر 2 ماہ کیلئے پابندی لگا دی ہے۔ کالعدم تنظیمیں کو بینرز لگانے کی اجازت نہ ہو گی اور نہ چندہ اکٹھا کرنے سمیت دیگر تقریبات کر سکیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے علاقوں کا جائزہ لے کر 2 روز میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔