جیمز کومی اپنا اعتماد کھو چکے تھے اس لیے فارغ کیے گئے: ڈونالڈ ٹرمپ

Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایف بی آئی کے سربراہ جمیز کومی کو ہٹانے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنھوں نے واشنگٹن میں ری پبلیکن اور ڈیموکریٹ دونوں کا اعتماد کھو دیا تھا۔

متعدد ٹوئیٹس میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ کومی کی جگہ ایسی شخصیت کو تعینات کیا جائے گا جو کہیں بہتر کام کریں گے جس سے ایف بی آئی کا جذبہ اور عزت بحال ہوگی۔

کومی کو معطل کرنے کے اقدام پر ناقدین کہتے ہیں کہ اس سے ایف بی آئی کی جانب سے نومبر کے صدارتی انتخاب میں روسی مداخلت اور ٹرمپ کی انتخابی مہم کے مشیروں اور روسی مفادات کی ممکنہ ملی بھگت کے معاملے کی چھان بین کے بارے میں سوال اٹھتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ منگل کو ٹرمپ نے کومی کو بتایا کہ آپ کو فوری طور پر اپنے عہدے سے معطل کر کے ہٹایا جاتا ہے کیونکہ آپ ادارے کی مؤثر قیادت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹروں کو 10 برس کی میعاد کے لیے تعینات کیا جاتا ہےاور جیمز کومی کو چار برس قبل مقرر کیا گیا تھا۔