جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کا کنونشن شیڈول کے مطابق ہونا چاہئیے۔ سردار نیاز

Sardar Niaz

Sardar Niaz

کوٹلی (تیمور لون) جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری جناب سردار نیاز نے جموں کشمیرنیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کے کنونشن کے بارے میں سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی ترقی پسند اور انقلابی نظریات کی حامل ایک قوم پرست سیاسی جماعت ہے اور جماعت سے جڑے تمام لوگ جماعتی آئین کے پابند ہیں۔ مرکزی کابینہ کی طرف سے ہماری ہمیشہ یہی پالیسی رہی ہے کہ بیرون ملک برانچوں کی کابینہ آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی ضرورت کے مطابق تمام فیصلے خود کیا کریں لیکن بار بار ہمیں یہ دہرانا پڑتا ہے۔

برطانیہ برانچ کی کابینہ نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا تھا کہ نئی کابینہ کے انتخاب کیلئے کنونشن کا انعقاد 17جنوری 2016 کو کیا جائے گا جسے مرکزی کابینہ نے من و عن تسلیم کیا کہ کنونشن طے شدہ شیڈول کے مطابق صادق سبحانی ایڈووکیٹ کی زیر صدارت موجودہ غیر جانبدار کابینہ ہی کی ریر نگرانی ہونا چاہئیے اورصرف اسی کنونشن کے نتیجے میں منتخب کابینہ کو مرکزی سطح پر بھی تسلیم کیا جائے گا۔ برطانیہ برانچ کی موجودہ کابینہ کے تمام متفقہ فیصلوں کو مرکز کی حمائت حاصل ہے۔ برطانیہ برانچ کا متفقہ فیصلہ ہے کہ موجودہ کابینہ کے ممبران بیک وقت آیندہ کابینہ کے کسی عہدے کے امیدوار نہیں ہو سکتے۔

اگر ذاتی مقاصد کی آڑ میں کوئی بھی رکن اس کنونشن کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے یا ماضی کی طرح پارٹی کو تقسیم کر کے باغی گروپ بنانے کی کوشش کریگا تو اسے پارٹی کے خلاف سازش اور آئین کی خلاف ورزی مانتے ہوئے مرکزی مداخلت کے ذریعے برائے راست سخت تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے کیونکہ ایسے عناصر ماضی، حال اور مستقبل میں ہماری پارٹی کے ہمدرد ہرگز نہیں ہو سکتے۔

ہماری برطانیہ برانچ کے تمام ممبران اور کارکنان سے اپیل ہے کہ وہ ماضی کی طرح اتحاد کی فضا قائم رکھیں اور اپنی صفوں میں موجود کالی بھیڑوں کے سازشی عزائم کو ناکام بنایں۔ برطانیہ برانچ کی کابینہ برطانیہ میں موجود مرکزی رہنما شوکت مقبول بٹ کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے اور پارٹی کے بہترین مفاد میں کثرت رائے کے تحت کئے گئے متفقہ اور مشترکہ فیصلوں کی روائت کو قائم رکھتے ہوئےکنونشن کا انعقادشیڈول کےمطابق مکمل کریں۔