جموں کشمیر لبریشن فرنٹ گلگت بلتستان کے مرکزی دفتر کا افتتاح کر دیا گیا

JKLF

JKLF

گلگت (نمائندہ خصوصی) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ گلگت بلتستان کے مرکزی دفتر کا افتتاح کر دیا گیا۔ ڈار پلازہ گلگت میں لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان نے دیگر قائدین کے ہمراہ دفتر کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، گلگت بلتستان کے کنوینر سیف الدین بٹ، دیگر عہدیداران ، لبریشن فرنٹ کے کارکنان اورسیاسی و سماجی شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔دفتر کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ پوری ریاست جموں کشمیر کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جو منقسم ریاست کے ہر حصے میں ریاست کے عوام کے حقِ آزادی اور بنیادی حقوق کی بحالی کیلئے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کے کارکنان کی قربانیوں کے طفیل آج دنیا بھر میں ریاست جموں کشمیر کی آزادی کے مسئلے کو سمجھا جا رہا ہے اور لبریشن فرنٹ کو ہی پوری ریاست کے عوام کی نمائندہ تنظیم کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو گزشتہ 68سالوں سے نوآبادیاتی جبر کا شکار رکھا گیا ہے اور یہاں کے لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق کو مختلف حیلوں بہانوں سے پامال کیا جاتا ہے۔امان اللہ خان نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کے ہر کارکن کا فرض ہے کہ وہ دھرتی ماں کی آزادی اور عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے بھرپور جدوجہد کرے۔

اس موقع پر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کا دفتر گلگت بلتستان میں ریاست جموں کشمیر کی قومی آزادی کی تحریک کو منظم کرنے اور گلگت بلتستان کے محروم و مظلوم عوام کے بنیادی حقوق کے حصول میں اہم کردار ادا کریگا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں موجود محب وطن، ترقی پسند، قوم پرست اور سول سوسائٹی کے اراکین کے ساتھ ایک مسلسل اور دیرپا رابطہ لبریشن فرنٹ کی پالیسی ہے اور ہم بنیادی حقوق کے حصول کی جدوجہد کرنے والی تمام مکاتبِ فکر کی تنظیموں اور تحاریک کے ساتھ کھڑے ہیں۔ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ اس وقت منقسم ریاست جموں کشمیرکی تمام اکائیوں سے مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کی آواز بلند ہونا بہت ضروری ہے اور وہ عناصر یا قوتیں جو ریاست کی تقسیم کے ناپاک منصوبے بنا رہی ہیں لبریشن فرنٹ انکے ناپاک منصوبوں کو کبھی بھی پایہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دے گا۔

اس موقع پرسپریم کونسل کے ممبران ضیاالحق، سلطان میر، لبریشن فرنٹ گلگت بلتستان کے سیکریٹری مقبول احمد، آرگنائزر شیر زمان، عمران میر، منظور کشمیری ، خواجہ رضوان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔