جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزادکشمیر گلگت بلتستان زون کے تنظیمی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کا اعلان

Rawalpindi

Rawalpindi

راولپنڈی (نامہ نگار) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزادکشمیر گلگت بلتستان زون کے تنظیمی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کا اعلان۔”نشانِ وحدت امان اللہ خان” زونل کنونشن 13 اگست کوباغ میں ہوگا۔لبریشن فرنٹ کے مرکزی وائس چئیرمین سلیم ہارون کی سربراہی میں 5 رکنی الیکشن کمیشن قائم۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون نے آئندہ زونل کنونشن کیلئے 5رکنی الیکشن کمیشن کا اعلان کر دیا ہے۔الیکشن کمیشن میں پہلی بار 2غیر جانبدار اراکین کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق لبریشن فرنٹ کے مرکزی وائس چئیرمین سلیم ہارون کو الیکشن کمیشن کا سربراہ یعنی چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے جبکہ انکی معاونت کیلئے لبریشن فرنٹ سے سردار عبدالرحمن ممبر سپریم کونسل، انجینئر جلیل فرید چئیرمین سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ اور تنظیم کے باہر سے دو غیر جانبدار ممبران محمد سعید اسد( میرپور) اور سیدطاہر شاہ گردیزی ( باغ)کو ممبران الیکشن کمیشن نامزد کیا گیا ہے۔ باغ آزادکشمیر میں منعقد ہونے والے اس کنونشن کو لبریشن فرنٹ کے مرحوم سپریم ہیڈ اور ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی اور وحدت کی شاندار علامت قائدِ تحریک جناب امان اللہ خان مرحوم کے نام سے منسوب کرتے ہوئے “نشانِ وحدت امان اللہ خان” کنونشن کا نام دیا گیا ہے۔

کنونشن میں زون بھر سے لبریشن فرنٹ کے ہزاروں کارکنان اور مندوبین کے علاوہ بھارتی مقبوضہ کشمیر سے تنظیم کے ذمہ داران، اور سمندر پار زونز سے بھی لبریشن فرنٹ کے قائدین و کارکنان شریک ہونگے۔زونل کنونشن ریاست جموں کشمیر کی جدوجہد آزادی کی تحریک اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں عوام کے بنیادی جمہوری حقوق کی بحالی کی جدوجہد مہں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے زون میں موجود تمام اضلاع اور ڈویژنز کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 28جولائی سے قبل مکمل ضلعی اور ڈویژنل باڈیوںکی تفصیلات زونل آرگنائزر توصیف جرال ایڈوکیٹ اور چیف الیکشن کمشنر سلیم ہارون کے پاس جمع کروائیں تا کہ زونل الیکٹورل کالج کو حتمی شکل دیکر انتخابات کی تیاریاں مکمل کی جا سکیں۔