مقبوضہ کشمیر : 12 سالہ لڑکا بھارت کی بربریت کا شکار، لواحقین کا مظاہرہ

Kashmiries Protest

Kashmiries Protest

سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ وادی میں 90 ویں روز بھی صورتحال کشیدہ ہے ، قابض فورسز کی فائرنگ سے بارہ سالہ لڑکا شہید ہو گیا ، کشمیری بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے۔

مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشت گردی عروج پر ہے ۔ 92 ویں روز بھی صورتحال معمول پر نہ آسکی ۔ قابض فوج نے پیلٹ گن سے فائرنگ کر کے بارہ سالہ لڑکے کو موت کی وادی میں دھکیل دیا ۔ لڑکے کی شہادت پر کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی فوج کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا ۔ مقبوضہ وادی میں سرینگر سمیت مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ ہے۔

کٹھ پتلی انتظامیہ نے خواتین ریلی کی قیادت کرنے پر خاتون حریت رہنما آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھی فہمیدہ صوفی کو حراست میں رکھا ہے ۔ ادھر حریت قیادت نے بھارتی ظلم و ستم کے خلاف احتجاج کی کال میں 13 اکتوبر تک توسیع کر رکھی ہے۔