جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے دونوں دھڑوں کے مابین اتحاد۔ مرکزی صدر سردار لیاقت حیات خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار

Jammu Kashmir National Awami Party

Jammu Kashmir National Awami Party

برمنگھم برطانیہ (نمائندہ خصوصی) جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے دونوں دھڑوں کے مابین اتحاد۔ مرکزی صدر سردار لیاقت حیات خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی گزشتہ ڈیڑھ سال سے تقسیم اور گروہ بندی کا شکار تھی ۔ اس سال اپریل میں پارٹی کے مرکزی کنونشن کے موقع پر نیپ کے مرکزی صدر سردار لیاقت حیات خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ برطانیہ میں پارٹی کی تقسیم کو ختم کریں گے۔

لیاقت حیات خان نے اپنے اس اعلان کو عملی جامہ پہنانے کے لئیے انتہائی متانت اور صبر و استقلال کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی کے دونوں دھڑوں کے سرکردہ کارکنان سے مسلسل رابطہ رکھا اور ان کو قریب لانے کی کوششیں جاری رکھیں ۔

سردار لیاقت حیات کی کوششیں آج بار آور ثابت ہوئیں ۔ برطانیہ میں پارٹی کے دونوں دھڑوں کے صدور محمود کشمیری اور شاھد ہاشمی، دونوں جنرل سیکریٹریز واجد ایوب اور آصف چوہدری اور دونوں آرگنائزرز امجد اشرف اور ریاض ساغر کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں نیپ کے دونوں دھڑوں کے باضابطہ انضمام کا فیصلہ کیا گیا اور دونوں دھڑوں کی کابینہ کو توڑ دیا گیا ۔

عبوری عرصے میں پارٹی معاملات کی دیکھ بھال کے لئیے ایک چھ رکنی انتظامی کمیٹی قائم کی گئی ۔ محمود کشمیری، شاہد ہاشمی، امجد اشرف، ریاض ساغر واجد ایوب اور آصف چوہدری اس کمیٹی کے ممبران نامزد کئیے گئے ۔ کمیٹی پارٹی کے آئیندہ کنونشن تک پارٹی کے معاملات کی نگرانی کرے گی اور پارٹی کے آئیندہ کنونشن کا انعقاد کرے گی ۔

اجلاس کے بعد دونوں دھڑوں کے رہنماوں نے مرکزی صدر سردار لیاقت حیات کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور پارٹی کے فروغ کے لئیے بھرپور محنت کا اعادہ کیا ۔

اس خبر کے نشر ہوتے ہی دنیا بھر میں جموں کشمیر نیپ کے کارکنان اور قوم پرستوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ تمام قوم پرست حلقوں نے نیپ برطانیہ کے اس انضمام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوش آئند قدم قرار دیا ہے ۔

جموں کشمیر نیپ کے مرکزی رہنما شوکت مقبول بٹ، نیپ برطانیہ کے سابق صدر سجاد راجہ سینئر رہنما پیر اعجاز ، خواجہ زاہد لون ، ساجد شاہین ، تیمور لون و دیگر نے نیپ کے اتحاد پر اپنے تہنیتی پیغامات میں دنیا بھر میں پارٹی کارکنان کو مبارکباد دی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نیپ کے اتحاد سے مادر وطن کی قومی آزادی کی تحریک اور غیر طبقاتی سماج کے قیام کی جدوجہد کو تقویت ملے گی۔