جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کی امریکہ میں تنظیم سازی

JKNAP

JKNAP

برطانیہ (تیمور لون) جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے امریکہ کی مختلف ریاستوں میں مقیم کارکنان جو گزشتہ کچھ ھفتوں سے باھمی مشاورت کے عمل میں شریک تھے، ریاستہائے متحدہ امریکہ میں جموں کشمیر نیپ کی تنظیم سازی پر متفق ھو گئے ھیں – پارٹی کی باقاعدہ تنظیم سازی کے لئیے مختلف ریاستوں کے کارکنان کا ایک اجلاس ورجینیا میں منعقد ھوا – اجلاس کی صدارت علی عوریض شاە نے کی۔

اجلاس میں ریاست جموں و کشمیر کی قومی آزادی کی تحریک کے مسائل و معاملات پر تفصیلی گفت و شنید کی گئی اور محسوس کیا گیا کی عالمی دنیا اور بالخصوص امریکہ میں ریاست جموں و کشمیر کی قومی آزادی کی تحریک کو انتہائی غلط انداز میں متعارف کروایا گیا ھے – اور امریکی عوام جموں و کشمیر کے مسئلے کو محض بھارت اور پاکستان کے باھمی سرحدی تنازعے کے طور پر جانتی ھے۔

اجلاس میں اس امر کی ضرورت انتہائی شدت کے ساتھ محسوس کی گئی کہ امریکی عوام کو ریاست جموں و کشمیر کے مسئلے کے حقیقی خدوخال سے روشناس کرانے کے لئیے امریکہ میں ریاست جموں و کشمیر کے باشندوں کا ایک متحرک اور منظم پلیٹ فارم وقت کی اھم ضرورت ھے -اجلاس میں قرار دیا گیا کہ ریاست جموں و کشمیر کسی طور بھی بھارت اور پاکستان کا باھمی تنازعہ نہیں بلکہ یہ دو کروڑ انسانوں کی قومی آزادی، سماجی انصاف، سیاسی حقوق اور ثقافتی بقاء کا مسئلہ ھے – اور یە مسئلہ صرف اور صرف ریاستی عوام کی کامل شرکت کے ساتھ پرامن اور جمہوری انداز میں ھی حل کیا جا سکتا ھے – اور امریکہ میں اس قومی مقصد پر کام کے لئیے جموں کشمیر نیپ کے کارکنان کی باقاعدہ تنظیم اب اشد ضروری ھے۔

چنانچہ واشنگٹن ڈی سی سے آئے ھوئے وفد کے قائد اویس نسیم کی تحریک پر اجلاس میں جموں کشمیر نیپ کی امریکہ میں مرکزی تنظیم کا چناؤ عمل میں لایا گیا – جس کے تحت علی عوریض شاە (ورجینیا) صدر، شرجیل جان (نیو یارک) نائب صدر، عاصم صابر (میری لینڈ) جنرل سیکرٹری ، شہباز آزاد (نیوجرسی) ڈپٹی جنرل سیکرٹری ، ناظم صابر (میری لینڈ) جوائنٹ سیکرٹری شہزاد اختر (یوٹا) سیکرٹری مالیات اور اویس نسیم (واشنگٹن ڈی سی) میڈیا سیکرٹری ہوں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ برطانیہ میں مقیم نیپ کے مرکزی رھنما اور شہید کشمیر مقبول بٹ کے صاحبزادے شوکت مقبول بٹ اور نیپ برطانیہ کے سابق صدر پروفیسر سجاد راجہ کو بہت جلد امریکہ مدعو کیا جائے گا اور ان رھنماؤں کے دورے کے دوران امریکہ میں سفارتی سطح پر نیپ کے متحرک کردار کا تعین کیا جائے گا۔

اجلاس میں درج ذیل قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کی گئیں

۱. بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک میں مظاھرین اور نہتے شہریوں کے خلاف بھارتی افواج کے غیر ضروری طاقت کے استعمال ، درجنوں لوگوں کی ہلاکت اور سینکڑوں لوگوں کے زخمی ھونے پر جموں کشمیر نیپ امریکہ شدید غم و غصے کا اظہار کرتی ھے اور بھارت سے مطالبہ کرتی ھے کہ اقوام عالم بھارتی فوج کیجانب سے طاقت کا استعمال فی الفور بند کرئے اور شہریوں میں پائی جانے والی بے چینی اور احساس محرومی کو ختم کرنے کے لئیے فوری طور پر مذاکرات کا عمل شروع کیا جائے۔

2. جموں کشمیر نیپ امریکہ دیگر پڑوسی ممالک کی طرف سے وادی کشمیر میں اسلحے اور پیسے کی ترسیل کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ مسئلے کے حل کے لئیے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی شمولیت کی بنیاد پر بھارت کے ساتھ پرامن مذاکرات کا آغاز کرے –
3.جموں کشمیر نیپ امریکہ پاکستان سے مطالبہ کرتی ھے کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کسی بھی صورت پاکستان کا حصہ نہیں ہیں اس کو صوبہ بنانے کے منصوبوں کو ترک کر کے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو مکمل خود مختاری دی جائے۔

4. جموں کشمیر نیپ امریکہ مطالبہ کرتی ھے کہ سی پیک کا مجوزہ روٹ تبدیل کر کے اسے نیلم سے بھمبر تک آزادکشمیر میں تعمیر کیا جائے تا کہ آزادکشمیر کے پسماندہ خطے کی ترقی کے عمل کو شروع کیا جا سکے –
5. جموں کشمیر نیپ امریکہ مطالبہ کرتی ھے کہ مجوزہ سی پیک کے 51% اقتصادی فوائد کو گلگت بلتستان کے لئیے مختص کیا جائے۔

6. جموں کشمیر نیپ امریکہ سمجھتی ھے کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں نیشنل ایکشن پلان، انسداد دھشت گردی ایکٹ اور شیڈول فور صرف اور صرف قوم پرست سیاسی کارکنان کو ھراساں کرنے کے لئیے استعمال کئے جا رھے ھیں اس لئے ان قوانیں کا آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں سے فوری خاتمہ کیا جائے –
7. جموں کشمیر نیپ امریکہ بابا جان، افتخار حسین، طاھر علی اور انکے دیگر ساتھیوں پر قائم جھوٹے مقدمات کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتی ھے اور گلگت بلتستان کے ان اسیران کی فوری رھائی کا مطالبہ کرتی ھے۔

8. جموں کشمیر نیپ امریکہ تراڑکھل میں نیپ کے کارکنان دانش لیاقت، عدیم الطاف، منیب باقر اور ان کے ساتھیوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت قائم غداری کے مقدمات کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتی ھے –
9. جموں کشمیر نیپ امریکہ متفقہ طور پر مرکزی صدر پروفیسر خلیق، مرکزی رھنما شوکت مقبول بٹ اور سابق مرکزی صدر سردار لیاقت حیات کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ھے اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتی ھے۔

10. جموں کشمیر نیپ امریکہ مطالبہ کرتی ھے کہ شہید عارف شاھد کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف عدالت میں مقدمہ چلایا جائے –
11. جموں کشمیر نیپ امریکہ منسٹری آف کشمیر افئیرز کے خاتمے، لین افسروں کی واپسی اور آزادکشمیر و گلگت بلتستان کے اندرونی معاملات میں پاکستان کی مداخلت کی فوری بندش کا مطالبہ کرتی ھے۔

12. جموں کشمیر نیپ امریکہ حکومت پاکستان کو متنبہ کرتی ہے کہ اگر ان مطالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو جموں کشمیر نیپ امریکہ میں اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے باہر مظاہروں کا ایک منظم پروگرام ترتیب دے گی –
اجلاس کے آخر میں ریاست جموں و کشمیر میں فوجی کاروائی اور دھشت گردی کے نتیجے میں شہید ھونے والے افراد کی مغفرت کی دعا کی گئی۔