انتہا پسند یہودیوں کے مسجد اقصی میں داخلے پر جھڑپ، متعدد افراد زخمی

Israel Protest

Israel Protest

مقبوضہ بیت المقدس (جیوڈیسک) مسجد اقصیٰ میں شدت پسند یہودیوں کے داخلے پر مسجد کے احاطے میں شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد اسرائیلی پولیس نے مسجد کو بند کردیا۔

یہودیوں کے مقدس دن کے موقع پر سیکڑوں انتہا پسند یہودیوں نے مسجد اقصی میں داخلے کی کوشش کی جس کے بعد مسجد کے احاطے میں موجود فلسطینیوں کے درمیان جھڑپ ہوگئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ اس موقع پر اسرائیلی پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی جب کہ جھڑپ کے فوری بعد مسجد اقصی کے مرکزی دروازے کو بند کرتے ہوئے لوگوں کو مسجد سے باہر نکال دیا۔

دوسری جانب فلسطین نیوزایجنسی کے مطابق یہودی انتہا پسندوں نے مسجد اقصی کے مرکزی دروازے کے باہر ایک بچے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد سیکڑوں افراد نے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پرتصادم ہوگیا جب کہ اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ یہودیوں کے مقدس دن کے موقع پر یہودی مسجد اقصی میں داخل ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ یہودی آج سالانہ مقدس دن تیشا بی اے منا رہے ہیں جب کہ حکام کی جانب سے اس موقع پر سیکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔