جھنگ: پی پی 78 کے ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا آغاز

Elections Polling

Elections Polling

جھنگ (جیوڈیسک) جھنگ میں ہونے والے پی پی 78 کے ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کے وقت کا آغاز ہوگیا ہے ۔اس نشست کے لیےایک خواجہ سرا سمیت 25 امیدوار میدان میں ہیں۔پی پی 78 کی یہ نشست سابقہ ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے آزاد ناصر انصاری اور اہلسنت والجماعت کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار مولانا مسرور نواز جھنگوی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

دیگر اہم امیدواروں میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سرفراز ربانی، تحریک انصاف کے شیخ ارفع مجید اور عوامی تحریک کے نسیم قادری شامل ہیں۔ حالیہ انتخاب میں خواجہ سرا محمد عارف عرف بوٹا بھی صوبائی امیدواروں میں شامل ہے۔

جھنگ کے عوام نے خواتین اور مرد وں کو آزما لیا اب عوام کی مایوسی کو دیکھتے ہوئے ہم خواجہ سرا عوامی خدمت کے جذبے سے میدان میں اتر رہے ہیں۔

حلقے کا سب سے بڑا مسئلہ سیوریج نظام ہے۔ تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات کا فقدان بھی زبان زد عام ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ الیکشن کے موقع پر تمام امیدوار وعدے اور دعوے کرتے ہیں، لیکن بعد میں ان کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہوتا۔

حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 6ہزار 562 ہے جن میں ایک لاکھ 8ہزار 627 مرد اور 97ہزار 935 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ انتخابات کیلیے 171 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں اور تمام کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی کے بیحد سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔