جھنگ کی خبریں 20/9/2016

Jhang News

Jhang News

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر غازی امان اللہ نے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے محرم الحرام 2016ء کے دوران امن و عامہ کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی انتظامات اور ہدایت نامہ پر مکمل طورپر عمل درآمد کیلئے تمام متعلقہ محکموں اور افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔متذکرہ ہدایت نامہ کے مطابق محرم الحرام کے آغاز سے قبل ہی ضروری انتظامات اور ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا جائیگا۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ہدایات نامہ کی روشنی میں ڈی سی او غازی امان اللہ نے کہا ہے کہ ضلعی امن کمیٹی، انٹیلی جنس کمیٹی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کی میٹنگز کے دوران تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین رابطوں کو فعال رکھنے اور مختلف مکاتب فکر علمائے کرام کے درمیان مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالہ سے اقدامات اٹھائے جائینگے اور محرم الحرام سیکورٹی پلان 2016ء کے تحت ضلع بھر میں کام کرنے والے چائنیز انجینئروں اور دیگر غیر ملکیوں کی سیکورٹی کو مزید موثر بنایا جائیگا۔ ڈی سی او نے کہا کہ محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کے روایتی روٹس اور مجالس کے اوقات کار پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائیگا اور اس دوران مجالس کے منتظمین بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جرنیٹر کا متبادل انتظام رکھیں گے۔ڈی سی اوغازی امان اللہ نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام پلان 2016ء کے حوالہ سے محکمانہ پلان تیار کرکے منظوری کیلئے پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی اور تحصیل سطح پر محرم الحرام ایمرجنسی کنٹرول رومز قائم کئے جائینگے۔ ڈی سی او نے مزید کہا کہ دیگر فرقوں کی دل آزاری پر مبنی ویڈیوز اور آڈیوز کیسٹیں چلانے اور تقاریر کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی اور اس ضمن میں وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) انسداد پولیو مہم کے آئندہ تین روزہ رائونڈ کے سلسلہ میں محکمہ ہیلتھ کی طرف سے کئے گئے ضروری انتظامات اور دیگر امور کا جائزہ لینے سے متعلق ایک اجلاس بدھ21ستمبر2016کو10بجے صبح ڈی سی او غازی امان اللہ کی زیر صدارت ان کے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقد ہو گا۔اجلاس میں محکمہ ہیلتھ کے افسران اور عملہ کے علاوہ دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران بھی شرکت کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) صحافی حافظ حسنین پر درج جھوٹے مقدمات کو واپس لیا جائے ،انہیں رہائی دی جائے ڈی پی او اوکاڑہ کو برطرف کیا جائے ۔صحافی ،سماجی و سیاسی برادری۔تفصیلات کے مطابق نمائندہ نوائے و قت اوکاڑہ حافظ حسنین رضاپر درج جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات آزادی صحافت پر قدغن ہے جس کی مذمت کرتے ہوئے صحافتی برادری نے پریس کلب جھنگ سے کچہری چوک تک ایک احتجاجی ریلی نکالی۔جس میں صدر پریس کلب لیاقت علی انجم ،جنرل سیکرٹری خرم سعید۔پروفیشنل جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ توصیف حسین ۔جنرل سیکرٹری محمدشفقت اللہ خان سیال سمیت دیگر صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔مختلف سیاسی،سماجی تنظیموں کے رہنماوں نے صحافی برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ریلی میں بھر پور شرکت کی جمعیت علماء اسلام کی جانب سے شہباز احمد گجرایڈووکیٹ،تحریک انصاف کی جانب سے پروفیسر آصف ڈھڈی سینئر نائب صدر پی ٹی آئی،سید ثمر عباس بخاری جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی ،آفتاب عیسیٰ ایڈووکیٹ ضلعی رہنماپی ٹی آئی،چوہدری ذوالفقار ضلعی رہنما پی پی پی،چوہدری فہیم راہی پی ایس ایف پنجاب، صوفی محمدرمضان انقلابی مرکزی صدر آل اساتذہ الائنس پنجاب و پنجاب ٹیچرز یونین کے علاوہ دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ،یونین آف جرنلسٹ ،پریس کلب، اور ویڈیو جرنلسٹ یونین کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ وہ حافظ حسنین رضا کے خلاف درج کیے جانے والے جھوٹے مقدمے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں وہ حکومت پنجاب ،وزیر اعلیٰ پنجاب،آئی جی پنجاب اور خصوصاً چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیںکہ وہ نوٹس لیںاورنامہ نگارنوائے وقت اوکاڑہ حافظ حسنین رضا کو فوری رہا کیا جائے اور ان کے خلاف درج کیے گئے جھوٹے مقدمات کو خارج کیا جائے۔سیاسی و سماجی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے دیگر ساتھی صحافی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور صحافی حافظ حسنین رضاکے خلاف درج کیے گئے مقدمات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں فوری رہا کیا جائے اور ڈی پی او اوکاڑہ کے فوری طور پربرطرفی کے احکامات جاری کیے جائیں۔ لیاقت علی انجم صدر پریس کلب جھنگ نے کہاکہ پنجاب پولیس سچ کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب صحافیوں کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات کا نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کاروائی کریں انہوں نے کہا کہ حق اور سچ لکھنے والوں کے خلاف پنجاب پولیس کی کاروائی ناقابل برداشت ہے انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ڈی پی او رانا فیصل کو فی الفور تبدیل کر کے حافظ حسنین رضا کے خلاف بنائے گئے مقدمات ختم کر کے انہیں رہا کیا جائے ایسا نہ ہوا تو صحافی برادری پورے ملک میں احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔