جھنگ کی خبریں 27/8/2016

Jhang

Jhang

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر میں سکول نہ جانیوالے بچو ں کی تعداد معلوم کرنے کیلئے کوئی سروے نہیں کرایا یہ انکشاف محکمہ سکول ایجوکیشن کے ڈائریکٹر مانیٹرنگ کی طرف سے جھنگ کے شہری فیصل منظور انور کی درخواست پر جواب دیتے ہوئے بتایا گیا ہے یاد رہے کہ مذکورہ شہری کی جانب پنجاب انفارمیشن کمیشن کو شکایت کی گئی تھی کہ اس نے سیکرٹری محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کو رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ2013کے تحت پوچھا تھا کہ صوبہ بھر میں آئوٹ آف سکول بچوں کی نشاندہی کے طریقہ کار ، سال2014اور2015 میں کیے جانیوالے سروے اور ہر ضلع میں نشاندہی کیے جانیوالے بچوں کی تعداد بتائی جائے۔جس پر پنجاب انفارمیشن کمیشن نے سپیشل سیکرٹری (سکولز ) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24اگست کو طلب کرکے جواب داخل کرانے کا حکم دیا تھا۔ڈائریکٹر مانیٹرنگ سکولز کی جانب سے شہری کو موصولہ جواب میں یہ بتایا گیا ہے کہ محکمہ کی جانب سے ایسا کوئی سروے نہیں کرایا گیا جس سے پتہ چل سکے کہ صوبہ میں سکول نہ جانیوالے بچوں کی تعداد کیا ہے شہری کے مطابق اگر ایسے بچوں کی نشاندہی کیلئے کوئی سروے نہیں کرایا جاتا تو ہر سال اپریل میںانرولمنٹ ایمرجنسی کے نام پر صوبے کے تمام اضلاع کو لاکھوں بچوںکو داخل کرانے کا ٹارگٹ کیسے دیا جاتا ہے کیونکہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز اور ای ڈی اوز(ایجوکیشن) کو سال2015میں44لاکھ جبکہ2016 میں 77 لاکھ سے زائد 5سے9سال تک کی عمر کے بچوںکو کچی سے پانچویں کلا س تک داخل کرنے کا ٹارگٹ دیا تھا اور ہر ضلع میں اس ٹارگٹ کے حوالہ سے رپورٹس بھی مرتب کی جاتی ہیں اگر سروے ہی نہیں کیا گیا تو آوٹ آف سکول بچوں کی تعداد کیساتھ ٹارگٹ کیسے سیٹ کیا جاتا ہے۔شہری کے مطابق وہ اس سلسلہ میں دوبارہ محکمہ سکول ایجوکیشن کو درخواست دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کی اپیل پر مختلف مساجد میں کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے ظلم و ستم اور ایم کیو ایم کی قیادت کی طرف سے پاکستان کے خلاف زہر افشانی پر مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں ۔ علماء کرام نے کہا کہ پاکستان تا قیامت قائم رہے گا اس کے دشمن ذلیل وخوار ہونگے ۔اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کی مجلس شوریٰ کے ممبر شہباز گجر ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت بین الاقوامی ملک دشمن ایجنسیوں کی گمآشتہ ہے ان ایجنسیوں کا ایجنڈا پاکستان کی جغرافیائی حدود کو نقصان پہنچانا ہے اور سی پیک منصوبہ کو سبوتاژ کرنا ہے اب ایم کیو ایم کی قیادت کو کسی بھی قسم کی رعایت دینا قومی مفاد کے یکسر خلاف ہوگا ۔ایم کیو ایم کے دفاتر کو بند کرنا احسن اقدام ہے۔ پاکستان کو مردہ آباد کہنے والے ”را” کے ایجنٹوں کو لیاقت علی خان شہید چوک (مکا چوک)کراچی پر پھانسیاں دی جانی چاہیے ۔ایم کیو ایم کی لندن قیادت اور کراچی کی رابطہ کمیٹی کے درمیان لاتعلقی نورا کُشتی ۔انہوں نے مزید کہا بھارتی عزائم جنوبی ایشیاء کے امن کے لیے سخت خطرہ ہے بھارتی فوج کے ظلم و ستم کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکتے ۔تمام اسلامی ممالک کو اس نازک موقع پر کشمیریوں کی بھر پور حمایت کر نی چاہیے۔