جہلم کی خبریں 28/3/2016

Jhelum

Jhelum

جہلم (ڈاکٹر مظہر مشر) نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل جہلم کا اجلاس، اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر 120 ممالک میں تنظیم کی کارکردگی کو سراہا گیا، ہارون رشید قریشی کو ڈویژن کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈسٹرکٹ سیکرٹریٹ روہتاس رو ڈ پر نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل جہلم کا اجلاس زیر صدارت چیف کوآرڈی نیٹر ضلع جہلم حاجی ہارون رشید قریشی منعقد ہوا، جبکہ مہمان خصوصی صوبائی کوآرڈی نیٹر ارشد علی بخاری تھے، اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ، جنرل سیکرٹری محمد نوا ز قریشی نے تمام ممبران کی شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دو نکاتی ایجنڈاپڑھ کر سنایا ، اجلاس میں تنظیم کے آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو کرتے ہوئے تمام شرکاء نے اپنی اپنی کارکردگی بہتر کرنے پر زور دیا ، چیف کوآرڈی نیٹر حاجی ہارون رشید قریشی نے کہا کہ صرف نوٹیفیکیشن اور عہدے لیکر گھروں میں بیٹھ جانا کوئی کارکردگی نہیں ہوتی بلکہ کارکردگی عملی کاموں سے دکھائی دیتی ہے ، انہوں نے کہا کہ این پی جے سی کا کام دکھی انسانیت کی خدمت ،دہشت گردی کاخاتمہ کرکے امن ،محبت اوررواداری کوقائم کرنا ہے ،آپ کو اس تنظیم نے جو عزت دی اس کے اثرات آپ دوسروں تک پہنچائیں،صوبائی کوآرڈی نیٹر ارشد علی بخاری نے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے جہلم کی پوری تنظیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سال این پی جے سی نے اقوام متحدہ میں نمائندگی کی اور خصوصاً جہلم کے 6ستمبر کے حوالے سے ”یوم دفاع اور استحکام پاکستان کانفرنس” کی تصویری جھلکیاں بھی دکھائی گئیں ، بعدازاں مرکزی چیئرمین میاں عبدالوحید کے ملائیشیا میں دورے پر بھی جہلم کی کارکردگی کا ذکر ہوا ،جسے پورے پاکستان میں بے حد سراہا گیا ، یہ سب آپ تمام ممبران و عہدیداران کی انتھک محنت اور کوششوں کا نتیجہ ہے ، مرکزی قیادت نے جو ذمہ داری مجھے ڈویژن کی دی تھی ، اس پر ترقی دیکر حاجی ہارون رشید قریشی کو سونپ دی ہے ، اب راولپنڈی ڈویژن کے نئے چیف کوآرڈی نیٹر حاجی ہارون رشید قریشی ہونگے ، اسی طرح انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی سیکرٹریٹ کو اب ڈویژنل سیکرٹریٹ کا بھی درجہ دے دیا گیا ہے ، ارشد علی بخاری نے کہا کہ مرکزی چیئرمین میاں عبدالوحید جہلم کی تنظیم پر بے حد خوش ہیں ، اس موقع پر حاجی ہارون رشید قریشی نے صوبائی کوآرڈی نیٹر کو بتایا کہ ہم انشاء اللہ اس تنظیم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے اور اس سال14اگست اور6ستمبر کو بھی مزید تقاریب کا اہتمام کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جہلم( ڈاکٹر مظہر مشر ) گلوبل یونین آف جرنلسٹس یو کے پاکستان (رجسٹرڈ) جہلم سرائے عالمگیر کی تنظیم سازی ۔ راجہ سہیل کیانی صدر جبکہ ساجد محمود کھوکھر جنرل سیکرٹری نامزد۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مرکزی چیئرمین گلوبل یونین آف جرنلسٹس یوکے پاکستان (رجسٹرڈ) خلیل ملک کی ہدایت پر معروف صحافی و کالم نگار ڈاکٹر تصور حسین مرزا نے جہلم سرائے عالمگیر کی باڈی کا اعلان کیا ۔ جس میں جہلم اور سرائے عالمگیر کے سینئر صحافیوں کو شامل کیا گیا ہے ، ڈاکٹر تصور حسین مرزا نے مرکزی چیئرمین کو جن عہدیداران برائے سال2016ء کی لسٹ جاری کی ، اس کے مطابق ڈاکٹر مظہر اقبال مشر کوآرڈی نیٹر ، ڈاکٹر تصور حسین مرزا ڈپٹی کوآرڈی نیٹر ، محمد الیاس شامی آرگنائزراور عبدالغفور بٹ ڈپٹی آرگنائزرہونگے ، جبکہ دیگر عہدیداران میں پروفیسر حکیم عبیدالرحمن قریشی سرپرست ،محمد امین فاروقی چیئرمین ، جبران مرزا وائس چیئرمین ، راجہ سہیل کیانی صدر ، محمد سہیل (شکریلہ) سینئر نائب صدر ، ملک نوازش / سید اکرم حسین شاہ بخاری نائب صدور ، ساجد محمود کھوکھر جنرل سیکرٹری ، محمد انعام الحق مغل ڈپٹی جنرل سیکرٹری ، سید افتخار کاظمی جائنٹ سیکرٹری ، سید امجد شاہ فنانس سیکرٹری اور محمد اشرف جنجوعہ سیکرٹری اطلاعات شامل ہیں ۔ ڈاکٹر تصور حسین مرزا نے بتایا کہ اس تنظیم کا مقصد بیرون ممالک اور پاکستان میں صحافیوں کو درپیش مسائل کا حل ہے ، جبکہ بیرون ممالک خاص طور پر یوکے ، امریکہ ، کنیڈا ،فرانس اور سپین میں اپنے فرائض سرانجام دینے والے میڈیا کے نمائندوں کو بہترین پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جہلم (ڈاکٹر مظہر مشر ) ڈی سی او جہلم اقبال حسین خان نے کہاہے کہ امن وامان برقراررکھنے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں علماء کا کردار کلیدی ہے اور موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر علماء بھی اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور شرپسند اور شدت پسند عناصر کی موجودگی کی اطلاع فوری طور پر انتظامیہ کو دیں تاکہ مستقل بنیادوں پر امن و امان کو برقرا ررکھا جا سکے۔ انہوںنے کہاکہ اسلام بھائی چارہ اور برداشت کا درس دیتاہے اور مذہب کے نام پر عوام کو تشدد پر اکسانے والے عناصر دین و ملک کے دشمن ہیں اور ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ملک کے ہر شہری کا فرض ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈی سی او آفس کے کمیٹی روم میںضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی پی او جہلم مجاہد اکبر خان، اے ڈی سی عمران رضا عباسی ، اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دانخان چوہدری محمد اشرف کے علاوہ تمام مکاتب فکر علماء کرام بشمول مولانا ابوبکر، مولانا محمودالحسن گیلانی اور عبدالحمید عامر نے شرکت کی۔ڈی سی او اقبال حسین خان نے کہاکہ جہلم کے تمام مکاتب فکر کے علماء نے امن و امان کے برقرار رکھنے میں ہمیشہ انتظامیہ کے ساتھ مثالی تعاون کیا ہے جو کہ موجودہ حالات میں مذید ناگزیر ہو گیا ہے تاکہ عوام کے جان و مال کے تخفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔ا نہوںنے کہاکہ امن و امان کے قیام میں ہر شہری کا کردار ہے اور تمام شہری اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور اگر کوئی مشتبہ شخص یا مشکوک حرکت انکے مشاہد ہ میں آئے تو اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہوئے فوری طور پر انتظامیہ کے نوٹس میں لائیں۔ڈی پی او جہلم مجاہد اکبر خان نے کہاکہ مشتعل افراد کی جانب سے فیکٹری جلائے جانے کے واقعہ کے بعد بھی جہلم کے تمام مکاتب فکر علماء نے امن و امان کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کیا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عوام امن پسند اور اختلاف رائے کو برداشت کرنے والے لوگ ہیں مگر چند شرپسند عناصر ملک میں انتشار پھلانے کی کوششیں کر رہے ہیں مگر عوام اپنی قومی ذمہ داری دیانتداری سے ادا کرتے ہوئے ایسے عناصر کو جڑ سے اکھاڑنے کا پھینکنے کا تہیہ کر چکے ہیں اور ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔اس موقع پر علماء نے انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور اسلام کے نام پر تشدد پھلانے والے عناصر کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔انہوںنے کہاکہ علماء ملک میں امن و امان کو برقرار رکھنا اپنی مذہبی ذمہ دار ی سمجھتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جہلم (ڈاکٹر مظہر مشر ) گلشن اقبال لاہور خود کش دھماکہ بدترین انسانی فعل ہے ،72سے زائد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہم شدید مذمت کرتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار سرپرست اعلیٰ انجمن امامیہ ضلع جہلم سید مسعود الحسن گیلانی نے گزشتہ روز میڈیا کے نمائندوں کواپنے ایک مذمتی بیان میں کیا ،انہوں نے کہا کہ خود کش دھماکوں میں معصوم جانوں کا قتل انسانیت سوز واقعہ ہے ، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، سید امسعود الحسن گیلانی نے حکومت اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد خود کش دھماکوں میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی مملکت ہے اور اس میں رائج احکامات پر پابندی حکومت وقت کی ذمہ داری ہے، اس موقع پر سید نواز ش علی ، سید افتخار کاظمی بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر مظہر مشر
بیوروچیف جہلم
تاریخ۔29-03-16