صحافی کا ریٹائرمنٹ پر سوال، دھونی کا دلچسپ انداز

MS Dhoni

MS Dhoni

ممبئی (جیوڈیسک) ویسٹ انڈیز سے ٹی 20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل ہارنے کے بعد بھارتی کپتان کی پریس کانفرنس اُس وقت دلچسپ صورتحال اختیار کر گئی جب ایک غیرملکی صحافی نے دھونی سے انکی ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوال کیا۔

بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے کہ ایک صحافی نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ اس ٹورنامنٹ کے بعد کھیل جاری رکھیں گے؟ سوال کے بعد دھونی نے خوش مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صحافی کو بلایا اور انہیں اپنے ساتھ والی کرسی پر بیٹھنے کے لیے کہا جس پر صحافی دھونی کے ساتھ آ کر بیٹھ گیا۔

دھونی نے صحافی سے پوچھا کہ آپ چاہتے ہیں کہ میں ریٹائر ہو جاؤں؟ جس پر صحافی نے جواب دیا کہ نہیں ایسا کچھ نہیں ہے میں نے تو بس آپ سے پوچھا ہے۔ دھونی نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو لگتا ہے کہ میں ان فٹ ہوں ؟جس پر صحافی نے کہا کہ بالکل نہیں۔

دھونی نے ایک اور سوال پوچھا کہ کیا آپ کو لگتا ہے کہ میں 2019 کا ورلڈ کپ کھیل سکتا ہوں ؟ جس پر صحافی نے دھونی کی طرف منہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ بالکل کھیل سکتے ہیں۔ دھونی نے انتہائی خوشگوار موڈ میں بات کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنے سوال کا جواب خود ہی دے دیدیا ہے۔