جج کے گھر اور رینجرز پر حملے ایک سلسلے کی کڑی ہیں،ڈی جی رینجرز

Bilal Akbar

Bilal Akbar

کراچی (جیوڈیسک) ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کا کہناہے کہ کراچی میں جسٹس نذر اکبر کے گھر پر حملہ،رینجرز چیک پوسٹوں پر حملے کے سلسلے کی کڑی ہے۔رینجرز اور پولیس پر حملوں میں ملوث ملزمان کا سراغ لگالیاگیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں جسٹس نذر اکبر کے گھر پردستی بم حملے سے متعلق ابتدائی تفتیشی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پرڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جسٹس نذراکبر اور رینجرز چیک پوسٹوں پر حملے ایک ہی سلسلے کی کڑی ہے۔رینجرز اور پولیس پر حملوں میں ملوث ملزمان کا سراغ لگالیا ہے جبکہ شہر میں امن وامان کے قیام کے لیے بھی رینجرز بھرپور اقدامات کررہی ہیں۔

چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن نے اجلاس کو بتایا کہ جسٹس نذر اکبر کے گھر پر حملے کی تحقیقات کےلیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

اس موقع پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ نے شہریوں اور ججز کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی جس پر ڈی جی رینجرزنے ججز کے گھروں اوراطراف کی سیکیورٹی فول پروف بنانے کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ،ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر ،آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔