انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی شاندار تقریب

Pakistan Day Ceremony

Pakistan Day Ceremony

کویت (محمد عرفان شفیق) کویت میں پاکستانیوں کی نمائندہ جماعت انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت نے ہر سال کی طرح اس سال بھی یوم پاکستان کی سالانہ تقریب نہایت جوش و خروش سے منائی جس میں کویت میں مقیم مختلف کاروباری، سیاسی، سماجی شخصیات کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی، خواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس تقریب کی خاص بات پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی کی خصوصی شرکت تھی۔

کویت کے علاقے مشرف میں یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی نظامت معروف قلم کار، کالم نگار محمّد فیصل اور انصاف سوشل میڈیا سیل کے انچارج مبشر خان نے کی،کویت میں مقیم معروف قاری صہیب انجم نے قرآن حکیم اور معروف نعت خواں غلام سرور حسین نقشبندی صاحب نے نعت رسول صلی الله علیہ وسلم کی سعادت حاصل کی۔ قومی ترانے کے بعد انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے صدر اخلاق احمد ملک نے خطبہ استقبالیہ دیا اور آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج پاکستانیوں کو متحد ہو کر پاکستان کی ترقی اور سربلندی کے لیے کام کرنا ہو گا،فخر الزمان خان نے حکمرانوں اور اشرفیہ کی نالائقی کا ذکر کیا کہ حکمران دن بدن امیر اور عوام غریب سے غریب تر ہوتی جا رہی ہے۔

محمد فیصل کا کہنا تھا کہ متحد ہو کر جدوجہد کیجئے اور خاندانی نظام سیاست کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اپنا کردار اس طرح سے ادا کیجئے کہ اب اس خاندانی نظام سیاست کا کوئی ٹوٹ بٹوٹ ہم پر مسلط نہ ہو۔

مہمان خصوصی شہریار آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک قوم بننے کے لئے قومیت، صوبائیت و لسانیت جیسے اختلافات کو ختم کرنا پڑتا ہے۔ ایک عظیم وطن کے لیے ایک عظیم قوم بن جائیں، عہد حاضر میں پاکستان کو ایسے مسائل میں گھرا ہوا ہے جن کا بروقت تدارک ضروری ہے۔ پاکستانی ایک بہادر قوم ہے اس کو بد قسمتی سے قائداعظم کے بعد کوئی لیڈر نہیں ملا ۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلمان اللہ پر بھروسہ کرتا ہے تو راستے خود بخود بن جاتے ہیں اور الله کے احکام سے روگردانی قوموں کے زوال کا سبب بنتا ہے۔آج ہم پٹھان ہیں، بلوچی ہیں، پنجابی اور سندھی ہیں لیکن پاکستانی نہیں ہمیں چند مفاد پرست لوگوں نے تقسیم کردیا ہے اور انہی ناموں کا کارڈ استعمال کیا جا رہا ہے لیکن اب ایسا نہیں چلے اب صرف اور صرف پاکستان کارڈ استعمال ہو گایہ صرف اور صرف پاکستانی قوم ہے اور ہمیں فخر ہے کہ اتحاد و یگانگت کی ابتداء عمران خان نے کی ہے۔

شہر یار آفریدی نے کہا کہ اب پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہاہے، خیبر پختون خوا میں صحت،انصاف اورپولیس کی حالت ٹھیک ہوئی اور تمام صوبے میں ترقیاتی پروجیکٹ شروع کیے گئے اور مزید ترقیاتی کام جاری ہیں، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور میرا یقین ہے کہ بہت جلد نیا پاکستان بنے گا اور پھر پاکستانیوں کو روزگار کے لئے بیرون ممالک نہیں جانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے تحریک انصاف بخوبی آگاہ ہے ہم اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کی قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ کویت میں مقیم نامور اور معروف گلوگار محمد ابراہیم، نبیل اور ذاگر انور حسین نے قومی گیت پیش کیے تو ہر ہاتھ میں پاکستان کا پرچم لہرا رہا تھا اور ہر زبان پاکستان زندہ آباد پکار رہی تھی۔

Pakistan Day Ceremony

Pakistan Day Ceremony

خالد سجاد احمد اور خضر حیات خضر نے منظوم شکل میں مادر وطن کو خراج تحسین پیش کیا۔ کویت کے یوم آزادی کے موقع پر کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ جیتنے والی ٹیم اور رنر اپ ٹیم میں انعامات بدست مہمان خصوصی شہریار خان آفریدی تقسیم کئے گئے اور آخر میں پاکستان تحریک انصاف کویت کے سیکرٹری اطلاعات یاسر قاضی نے میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کیا۔ انصاف وویمن ونگ کی طرف سے ہال میں موجود خواتین اور بچوں کے لیے کثیر تعداد میں تحائف کا انتظام کیا گیا تھا ۔ اس خوبصورت تقریب کا اختتام اس عہد سے کیا گیا کہ جس طرح ہمارے بزرگوں نے اس وطن کے لیے قربانیاں دیں ہم بھی اپنی جان لٹا دیں گے مگر انشاءاللہ، وطن کا پرچم سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔