کابل اور بلخ کے ”شرمناک” دہشت گرد حملوں کی مذمت

John Kirby

John Kirby

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ نے منگل کی رات کابل میں ایک شیعہ زیارت گاہ اور بدھ کو صوبہ بلخ میں ہونے والے’’شرمناک حملوں‘‘ کی مذمت کی ہے، جن میں ’’ماتم کرنے والوں کو نشانہ بنایا گیا‘‘۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان، جان کِربی نے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ہم ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے دل کی گہرائی سے تعزیت کرتے ہیں، اور زخمیوں کے اہل خانہ و احباب سے افسوس کا اظہار کرتے ہیں‘‘۔

ترجمان نے کہا کہ ’’واضح طور پر اِن حملوں کا مقصد افغانستان میں فرقہ وارانہ کشیدگی بھڑکانا تھا‘‘۔

انھوں نے کہا کہ ’’حملوں کے فوری بعد مؤثر جواب دینے پر، ہم افغانستان کی حکومت اور سلامتی افواج کو سراہتے ہیں‘‘۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ’’ہم امن، سلامتی اور اپنے ملک کے استحکام اور فرقہ وارانہ تشدد سے پاک افغانستان کے مستقبل کے بارے میں عزم کے اظہار کے معترف ہیں‘‘۔