کامران اکمل قومی ٹی ٹونٹی میں لاہور لائنز کی کپتانی کریں گے

Kamran Akmal

Kamran Akmal

لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم سے نظر انداز کئے جانے والے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں لاہور لائنز کی کپتانی کرینگے ۔ قومی سپر ایٹ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ گیارہ مئی سے فیصل آباد میں شروع ہو رہا ہے جس میں سٹار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹورنامنٹ کی مضبوط ترین ٹیم لاہور لائنز کی ہے۔

لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن نے محمد حفیظ سے کپتانی کی کمان لے کر کامران اکمل کو سونپ دی ہے جب کہ ٹیم میں سیالکوٹ سٹالینز کی کپتانی کرنے والے شعیب ملک ، محمد حفیظ ، احمد شہزاد ، وہاب ریاض ، اعزازچیمہ ، ناصر جمشید اور سعد نسیم بھی شامل ہیں ۔ لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ محمد ندیم نے کہا کہ کامران اکمل سنیئر کرکٹر ہیں اور امید ہے کہ لاہور لائنز ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی۔

ذرائع کے مطابق سیالکوٹ کرکٹ ایسوسی ایشن روٹھے ہوئے شعیب ملک کو منانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ سابق کپتان کے انکار کی صورت میں حارث سہیل سیالکوٹ سٹالینز کی کپتانی کرینگے ۔ سپر ایٹ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ گیارہ سے اٹھارہ مئی تک جاری رہے گا جس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر زمبابوے کے خلاف ٹیم تشکیل دی جائے گی جب کہ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم بھارتی چیمپئنز لیگ میں بھی ان ایکشن ہوگی۔