کنگنا رناوت ’’سمرن‘‘ میں امریکا کی مشہور بینک ڈکیت خاتون بنیں گی

Kangna Ranawat

Kangna Ranawat

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت جو گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’’ریوالور رانی‘‘ میں ڈاکوؤں کے ایک گروہ کی سردار کا کردار نبھاچکی ہیں، اب نئی فلم میں بینک چور خاتون کا حقیقی کردار نبھائیں گی۔

بتایا گیا ہے کہ بالی ووڈ ہدایتکار ہنسل مہتا گزشتہ برس امریکا میں بینک چوری میں ملوث بھارتی نژاد نرس جو’’بم شیل بینڈیٹ‘‘ کے نام سے مشہور ہے پر فلم بنانے جارہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہنسل مہتا نے سمرن کے نام سے بنائی جانیوالی فلم کا نام سمرن رکھا ہے اور اس میں امریکا کی تین ریاستوں میں بینک چوری کی وارداتوں میں ملوث بھارتی نژاد خاتون سندیپ کور کا کردار نبھانے کے لیے کنگنا رناوت کو کاسٹ کر لیا ہے۔

اس سلسلہ میں ذرائع کا کہنا ہے کہ کنگنا رناوت جو ان دنوں عمران خان کے ساتھ فلم ’’کٹی بٹی‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور بھی ’’ سمرن ‘‘ میں کام کرنے کے لیے رضا مند ہیں تاہم اس کا اعلان ابھی نہیں کیا جارہا اور ہدایتکار کنگنا رناوت کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کا اعلان اکتوبر میں شوٹنگ شروع ہونے سے کچھ روز قبل کردیں گے کیونکہ اس وقت تک کنگنا بھی اپنی دوسری فلموں سے فارغ ہوچکی ہوں گی ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلم کی زیادہ تر شوٹنگ امریکا میں ہوگی جب کہ سندیپ کور کی زندگی کے ابتدائی ایام عکسبند کرنے کے لیے بھارت مین بھی سیٹ لگایا جائے گا۔

واضح رہے کہ فلم ’’سمرن‘‘ بھارتی پنجاب میں پیدا ہونے والی سندیپ کور کی زندگی پر بنائی جارہی ہے جو اپنے خاندان والوں کے ساتھ بھارت چھوڑ امریکی ریاست کیلفورنیا میں منتقل ہوجاتی ہے اور وہاں ایک نرس کے طور پر ملازمت کرلیتی ہے اس دوران وہ جوا کھیلنے کی لت میں مبتلا ہوجاتی ہے اور لاس ویگاس میں جواکھیلنے کے دوران اس پر بھاری قرض چڑھ جاتا ہے جو وہ ادا نہیں کرسکتی اور 2014 میں ایک بینک ڈکیٹ بن جاتی ہے اور کچھ وارداتوں کے بعد پولیس ڈرامائی انداز میں تعاقب کرنے کے بعد اسے حراست میں لے لیتی ہے اور اسے ساڑے پانچ سال قید کی سزا سنادی جاتی ہے۔

دریں اثنا کنگنا رناوت جو کامیابی کی بلندیوں کو چھو رہی ہیں نے اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے اور اس میں خود ہی مرکزی کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کردیاہے کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ اگر کسی نے ان کی زندگی پر فلم بنائی تو وہ اس میں خود ہی اپنا کردار نبھانا چاہیں گی۔