کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے قومی ائیر لائن کے طیارے سے 27 کلو گرام ہیروئن برآمد

Heroin

Heroin

کراچی (جیوڈیسک) کسٹم حکام نے قائد اعظم محمد علی جناح ایئرپورٹ پر کھڑے قومی ایئر لائن کے طیارے سے 27 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی۔

کراچی ایئرپورٹ میں کسٹم حکام نے اصفہانی ہینگر پر کھڑے قومی ایئر لائن کے طیارے پی کے 305 کی تلاشی لی، تلاشی کے دوران کسٹم اہلکاروں نے طیارے کے واش روم سے ہیروئن سے بھرے پیکٹس برآمد کرلئے جوکہ واش روم کے مختلف خانوں میں چھپائے گئے تھے۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ پی کے 305 گزشتہ رات لاہور سے مسافروں کو لے کر کراچی پہنچا تھا اور اسے صبح بیرون ملک روانہ ہونا تھا۔ طیارے سے برآمد ہونے والی ہیروئن کا وزن 27 کلو گرام ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی قیمت 30 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ اتنی بڑی مقدار میں ہیروئن برآمد ہونے کے بعد طیارے کو بیرون ملک اڑان بھرنے سے روک دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد کسٹم کےساتھ مکمل تعاون کیا جارہا ہے، اس کے علاوہ واقعے کی محکمہ جاتی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا گیا ہے، جس کے تحت گزشتہ رات موجود تمام عملےسےپوچھ گچھ بھی کی جارہی ہے۔