کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی کارروائیاں، دہشت گردوں سمیت 13 ملزمان گرفتار

Police

Police

کراچی (جیوڈیسک) پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

کراچی کےعلاقے ناظم آباد ایک نمبر سے مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان وقار اور عبدالغنی کالعدم تحریک طالبان سوات کے دہشت گرد ہیں جب کہ ان کے قبضے سے آوان بم اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ملزمان دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث ہیں جب کہ ان کےدیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ شہرکے مختلف علاقوں لیاقت آباد، کلفٹن، پی آئی بی کالونی، غریب شاہ روڈ اورنصرت بھٹو کالونی میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئیں جس میں 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد، ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خور بھی شامل ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔