کراچی کے شہری ووٹ ڈالنے باہر نکلیں، چیف الیکشن کمشنر

Sardar Raza Khan

Sardar Raza Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے کہا ہے کہ کراچی کے شہری نکلیں اور اچھے انسان کو ووٹ ڈالیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جہاں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا جائےگا وہاں پولنگ تصور نہیں ہو گی۔

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر حکام کے ہمراہ راولپنڈی کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کے دورے کئے اور سیکیورٹی سمیت پولنگ سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا۔ گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے انتظامات مکمل ہیں ، کراچی کے لوگ پرامن ہیں، ووٹ ڈالنے ضرور نکلیں۔

کراچی کے ووٹرزووٹ ڈالنے نکلیں اور اچھے انسان کو ووٹ دیں، سیکیورٹی کے بہترین انتظامات ہیں، فی الحال کے انتظامات سے مطمئن ہوں۔ اس موقع پر سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ پولنگ سے متعلق تمام شکایات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، خواتین کو ووٹ ڈالنے سے مت روکا جائے، جہاں خواتین کو ووٹ نہیں ڈالنے دیا جائے گا وہاں پولنگ تصور نہیں کی جائے گی۔

راولپنڈی کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کے دورے کے دوران چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے پولنگ عملے سے بھی بات چیت کی اور بیلٹ پیپرز، سیاہی، مہروں سمیت انتخابی مواد کا جائزہ بھی لیا۔