کراچی: شیر شاہ گلہبائی کے قریب فائرنگ، ایک ٹریفک پولیس اہلکار شہید، 2 زخمی

Traffic Police

Traffic Police

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے شیر شاہ گلبہائی کے قریب دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے 3 ٹریفک پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا۔

تینوں زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال لے کر جایا جا رہا تھا کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک ٹریفک پولیس اہلکار لیاقت شہید ہو گیا۔ زخمی ہونے والے دیگر دونوں اہلکاروں کی شناخت خوشی محمد اور نوید کے نام سے کی گئی ہے۔ واضع رہے کہ گزشتہ ماہ 31 اگست کو بھی دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے دو پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا تھا۔

یہ واقعہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں یونیورسٹی روڈ پر پیش آیا تھا۔ دونوں اہلکار اتوار بازار پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق کانسٹیبل محمد شیر اور کانسٹیبل نظام الدین کا تعلق نیپا ٹریفک پولیس سیکشن سے تھا۔ خیال رہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر حملے کے باعث ٹریفک پولیس اہلکاروں کو بُلٹ پروف جیکٹس اور اسلحہ بھی فراہم کر دیا گیا تھا۔

ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکاروں کو 700 ایس ایم جیز اور پستول فراہم کئے گئے ہیں۔ حساس مقام پر کھڑے چار اہلکاروں میں سے ایک اہلکار کو ایس ایم جی دی گئی ہے تا کہ دہشت گردی کی کارروائی کو ناکام بنایا جا سکے۔

ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق حساس چوک پر ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کو بُلٹ پروف جیکٹس بھی دی گئی ہیں۔