کراچی سے خیبر تک حالات معمول پر آنا شروع

Karachi

Karachi

اسلام آباد (جیوڈیسک) فیض آباد دھرنے کے خاتمے کے اعلان کے بعد ملک بھر کے دیگر شہروں میں بھی دھرنے ختم ہونے لگے جبکہ شہروں میں پبلک اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بحال ہو گئی ہے۔ اہم اعلان کے بعد ملک کے بڑے شہروں کراچی، پشاوراور ملتان میں دھرنے پر بیٹھے کارکنان منتشر ہو گئے۔

کراچی کی صورتحال:

کراچی میں بڑی مارکیٹوں کے علاوہ چھوٹی مارکیٹیں بھی کھل گئیں جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کی جانب سے ملک کے دیگر شہروں میں سامان کی ترسیل بھی شروع کر دی گئی ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی آہستہ آہستہ سڑکوں پر چلنے لگی ہے۔

پشاور:

پشاور میں بھی دھرنے کے خاتمے کے بعد زندگی کا پہیہ چل پڑا اور بارہ بجے کے قریب فیض آباد دھرنے کے مرکزی قائدین کی جانب سے ہدایات ملنے کے بعد مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔ جس کے بعد رنگ روڈ سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں اور ٹریفک رواں ہوگئی۔ مظاہرین پرامن طورپر منتشر ہو گئے۔شہر میں مارکیٹیں، بازار اور دکانیں بھی کھول دی گئی ہیں۔

ملتان:

ملتان میں بھی چھوٹی بڑی مارکیٹیں اور دکانیں کھلنا شروع ہو گئیں جبکہ موٹروے کے بند تمام سیکشن کھول دیے گئے۔ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کی آمد ورفت بحال ہو گئی جس کے بعد مسافروں نے سکھ کا سانس لیا۔

لاہور:

تحریک لبیک یا رسول اللہ کے مرکزی قائدین اور حکومت کے درمیان معاہدہ طے پا جانے کے بعد لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے اور دیگر علاقوں میں جاری احتجاج نماز ظہر کے بعد احتجاج ختم کیے جانے کا امکان ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر مظاہرین کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری رہنے کے باعث مال روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا تھا جبکہ ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔