کراچی میں ڈی آئی جی پشاور کے بیٹے کو سکیورٹی گارڈ نے قتل کر دیا

Umar Shihab

Umar Shihab

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ڈی آئی جی پشاور شہاب مظہر کا بیٹا عمر شہاب اپنے ہی محافظ کے ہاتھوں قتل ہو گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فقیر محمد نے دو لاکھ روپے کا تقاضا کیا تھا، انکار پر عمر شہاب کو قتل کر دیا، ملزم نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس خیابان سحر کے ایک بنگلے سے 27 سالہ عمر شہاب کی لاش ملی،عمر شہاب ڈی آٗئی جی پشاور مظہر شہاب کا بیٹا تھا، پولیس نےعمر شہاب کے محافظ فقیر محمد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو اس نے سارا قصہ اگل دیا۔

پولیس کے مطابق ملزم فقیر محمد نے عمر شہاب سے 2 لاکھ روپے کا تقاضہ کیا، عمر شہاب نے رقم دینے سے انکار کیا تو دونوں میں لڑائی ہو گئی، ملزم فقیر محمد نے عمر شہاب کے گلے میں رسی ڈال کر گلا گھونٹ کر قتل کر دیا،ملزم کو تھانہ درخشان منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔