کراچی : منشیات فروشوں کے سہولت کار، 2 اہلکار گرفتار

Police

Police

کراچی (جیوڈیسک) کراچی پولیس میں موجود مزید دو کالی بھیڑیں پکڑی گئیں، دونو ں اہلکار منشیات فروشوں کو پیسے لے کر چھاپے کی پیشگی اطلاع دیتے تھے، ملزمان کا اعتراف جرم اور سینئر افسران کے منشیات فروشوں سے رشوت لینے کا انکشاف بھی کر دیا۔

منشیات فروشوں کا ساتھ دینے کے الزام میں گرفتار پولیس اہلکاروں کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے پولیس کے حوالے کر دیا، حراست میں لئے گئے ذاکر اور یوسف نے دوران تفتیش منشیات فروشوں کے سہولت کار ہونے اور اُن سے پیسے لیکر چھاپے کی پیشگی اطلاع دینے کا اعتراف کر لیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے ملزمان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی، اس سے پہلے 9 دسمبر کو بھی سندھ پولیس میں ایک کالی بھیڑ پکڑی گئی تھی۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں کو چھاپے کی اطلاع دینے والے اسپیشل برانچ کے لوکیٹر آپریٹر عرفان کو گرفتارکیا گیا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سید عرفان فرقہ ورانہ وارداتوں میں ملوث ملزمان کو معلومات فراہم کرتا تھا، اس نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے جانے والی ٹیم کی پیشگی اطلاع ملزمان کو دی۔ مخبری کا بروقت پتا چلنے سے سی ٹی ڈی کراچی کے درجنوں افسران و اہل کار بچ گئے تھے۔