کراچی : پی ایس 106 اور 117 کے ضمنی انتخابات دو جون کو ہوں گے

Election

Election

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں پی ایس 106 اور 117 کے ضمنی انتخابات دو جون کو ہوں گے۔ سندھ اسمبلی کے رکن افتخار عالم اور ڈاکٹر صغیر احمد کے استعفوں کے باعث خالی ہونے والی نشستوں پی ایس 106 اور پی ایس 117 پر 2 جون کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔

کراچی کا حلقہ پی ایس 106 لیاقت آباد ، حسین آباد اور عزیز آباد کے کئی علاقوں پر مشتمل ہے۔ دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات میں اس حلقے سے افتخار عالم ، ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر 75 ہزار 4 سو 72 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے جبکہ دوسرے نمبر پر تحریک انصاف کے امیدوار سلطان احمد نے 10 ہزار 7 سو 73 ووٹ حاصل کیے تھے ۔ پی ایس 106 کے ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم کے امیدوار محفوظ یار خان اور تحریک انصاف کی امیدوار نصرت انور کے درمیان مقابلے کا امکان ہے۔

اس حلقے سے پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار عبدالصمد اور پاسبان کے جاوید شیرازی بھی میدان میں ہیں ۔ کراچی کا حلقہ پی ایس 117 پاکستان کوارٹرز ، سولجر بازار ، مارٹن کوارٹر ، پی آئی بی کالونی ، پٹیل پاڑہ اور لسبیلہ کے کئی علاقوں پر مشتمل ہے۔

دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات میں ایم کیو ایم کے امیدوار ڈاکٹر صغیر احمد 43 ہزار 9 سو 24 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے امیدوار احسن جبار 21 ہزار 7 سو 50 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر تھے۔

پی ایس 117 کے ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم کے امیدوار قمرعباس اور تحریک انصاف کے امیدوار رفاقت عمر کے درمیان مقابلے کا امکان ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید مقبول اور جمیعت علماء اسلام ف کے سید نعیم شاہ اور دیگر آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزمائیں گے۔

صوبائی اسمبلی کی یہ دونوں نشستیں ایم کیو ایم کی روایتی سیٹس کہلاتی ہیں لیکن ایم کیو ایم کے مد مقابل جماعتوں کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ وہ پر امید ہیں کہ عوام اس بار ان کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں گے۔