کراچی کے واقعات میں افغان دہشتگرد ملوث ہو سکتے ہیں : رانا ثنا اللہ

Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے واقعات میں افغان دہشت گرد ملوث ہوسکتے ہیں، دہشت گردوں کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ انہیں ابھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی قوم کو خوفزدہ اور مایوس کرنے اور ترقی روکنے کے لئے سرگرم عمل ہیں ۔ سرحد کے دوسری طرف دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ہیں جہاں سےوہ کارروائیاں جاری رکھے ہیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کراچی حملے کے تانے بانے کا مرکز افغانستان ہو سکتا ہے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر لوگ سر جوڑ کر بیٹھیں کہ دہشت گردی کو کیسے ختم کرنا ہے۔ پنجاب میں بھی اہم شخصیات کی سیکورٹی کو بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں۔

وزیر قانون پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ رینجرز پر لگنے والے الزامات اور اعتراضات اپنی جگہ مگر کراچی کا امن رینجرز کی قربانیوں اور کارروائیوں کے نتیجے میں آیا ہے جبکہ ان واقعات کا مقصد دہشت پھیلانا اور قومی وحدت کو نقصان پہنچانا ہے۔