کراچی میں شدید دھند، ایئرپورٹ پر فلائٹ شیڈول متاثر

Karachi Airport Fog

Karachi Airport Fog

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں دھند چھا گئی ہے۔ ایئرپورٹ سگنل سے ملیر ہالٹ، ملیر15 سے قائدآباد اسٹیل ٹاون نیشنل ہائی وئے سمیت سپرہائی 2 گھنٹے تک شدید دھند کی لپیٹ میں رہے ہیں۔ ٹریفک پولیس کی شہریوں کو احتیاط سے گاڑی چلانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل ائیرپورٹ سگنل سے ملیر ہالٹ تک حد نگاہ 160میٹر تک رہ گئی تھی، جبکہ ملیر ہالٹ سے قائد آباد، اسٹیل ٹاون، نیشنل ہائی وے پر حد نگاہ 100میٹر اور سپرہائی وے ڈی ایچ اے سٹی کے مقام پر بھی شدید دھند کے باعث حدنگاہ صفر ہوگئی تھی۔

دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، تاہم 2گھنٹے بعد دھند چھٹنا شروع ہوئی اور حد نگاہ بھی 100میٹر سے بڑھ کر4.2 کلومیٹر تک پہنچ گئی ہے۔کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 16ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 69فیصد اور شہر میں شمال مغربی ہوائیں 8کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

دوسری جانب ایئرپورٹ پر فلائٹ انکوائری کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث ملکی اورغیر ملکی 9 پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ مسقط سے کراچی آنیوالی پرواز کی آمد میں ساڑھے3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ پروازصبح 6 بجے کی بجائے ساڑھے 9 بجے کراچی پہنچے گی۔

انکوائری نے بتایا کہ دوحہ سے کراچی کی پرواز کی آمد میں آدھے گھنٹے کی تاخیر ہوئی ہے۔ پرواز صبح ساڑھے7 بجے کی بجائے 8بجے پہنچے گی۔ جدہ سے کراچی آنیوالی پی آئی اے کی پروازسوا 8بجے پہنچے گی۔ جدہ سے کراچی آنیوالی پرواز کو ساڑھے تین بجے صبح پہنچنا تھا۔

دبئی سے کراچی کی پرواز صبح 8 بجے پہنچے گی، جسے رات ساڑھے 3بجے آنا تھا۔ استنبول، دمام اور جدہ سے آنے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔