کراچی : گلشن معمار میں رینجرز سے مقابلہ، تین دہشتگرد ہلاک

Rangers

Rangers

کراچی (جیوڈیسک) کراچی گلشن معمار میں رینجرز سے مقابلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، مختلف علاقوں میں سیکورٹی اداروں کی کارروائیاں، 48 مشتبہ افراد پکڑے گئے۔ کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے، شہر قائد میں لوٹ مار، چھینا جھپٹی، نہتے افراد پر فائرنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا۔

کورنگی میں ڈاکو گھر میں داخل ہو گئے ۔ مزاحمت پر 2 افراد کی جان لے لی جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ دوسری طرف سیکورٹی اداروں نے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک اور 48 مشتبہ افراد کو پکڑ لیا۔ گلشن معمار میں افغان بستی کے قریب گشت پر موجود رینجرز اہلکاروں پر دہشت گردوں نے اچانک فائرنگ کردی۔

رینجرز اہلکاروں کی جانب سے جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک ملزموں کا تعلق کالعدم جماعت سے تھا ، رضویہ کالونی میں پولیس مقابلے کے بعد کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔

الفلاح اور شاہ فیصل کالونی کے علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا ، گھر گھر تلاشی کے دوران انیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس سے قبل سانحہ صفورا چورنگی کی تحقیقات کے سلسلے میں سیکورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔