کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے بعد تیز ہواؤں کے ساتھ بارش

Rain

Rain

کراچی (جیوڈیسک) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش نے جہاں کئی دنوں سے جاری گرمی کی لہر کا خاتمہ کردیا ہے وہیں شہریوں کے چہرے بھی خوشی سے کھل اٹھے ہیں۔

کراچی میں گزشتہ چند روز سے جاری شدید گرمی کی لہر پیر کے روز بھی برقرار رہی اور درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا لیکن ہیٹ انڈیکس بڑھنے کی وجہ سے اس کی شدت 40 ڈگری تک محسوس کی گئی۔

سہہ پہر کے وقت قدرت کو کراچی والوں کی حالت پر رحم آہی گیا اور موسم بتدریج بدلنا شروع ہوا، پہلے گرد آلود ہوائیں چلیں اور پھر موسم ابرآلود ہوا، کچھ ہی دیر بعد گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن، ملیر، نارتھ کراچی، گلستان جوہر،ایف بی ایریا اور سپر ہائی وے پر ہلکی بارش ہوئی ہے۔ بارش کے ساتھ ہی کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہواؤں نے ایک مرتبہ پھر شہر کا رخ کرلیا ہے جس کی وجہ سے شام تک شہر بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔