کراچی : سینٹرل جیل سے قیدی حکام کی ملی بھگت سے فرار ہوئے

Karachi Central Jail

Karachi Central Jail

کراچی (جیوڈیسک) کراچی سینٹرل جیل سے دو قیدیوں کے فرار کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق قیدی جیل حکام کی ملی بھگت سے فرار ہوئے۔ وزیر قانون و جیل خانہ جات ضیا لنجارکہتے ہیں ذمہ داروں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی ہو گی۔

مفرور قیدیوں کو نہ ہتھکڑیاں لگائی گئیں ، نہ ہی مخصوص لباس پہنایا گیا ، کراچی سینٹرل جیل سے ہائی پروفائل قیدی کیسے فرار ہوئے؟ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ابتدائی رپورٹ میں سب سامنے آگیا ۔ تفتیش میں خطرناک قیدیوں کے جیل حکام کی ملی بھگت سے فرار ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملزمان 13 جون کو فرار ہوئے مگر جیل حکام نےپولیس کو ایک دن بعد خبر دی ۔ مفرور قیدی جوڈیشل کمپلیکس جیل ملازمین کی کالونی تک پہنچے پھر مرکزی دروازے سے باہر چلے گئے۔

رپورٹ کے مطابق عدالت کے جس کمرے سے ملزمان فرار ہوئے وہ فعال نہیں تھا۔ حیرت انگیز طور پر رات کی گنتی میں بھی مفرور قیدیوں کو موجود قرار دیا گیا۔