کراچی: جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان واک، وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ

Karachi,

Karachi,

کراچی (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے تحت کرپشن فری پاکستان واک کا اہتمام کیا گیا جو جماعت اسلامی کے مرکز ادارہ نور الحق سے شروع ہو کر مزار قائد پر اختتام پذیر ہوئی۔ واک کے شرکاء نے کرپشن کے خلاف نعرے لگائے اور کرپشن کے الزامات میں ملوث ہونے پر وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔

واک سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ آف شور کمپنیاں صرف لوٹ مار کے لئے بنائی جاتی ہیں۔ ملک میں 350 میگا اسکینڈل نیب کے پاس ہیں لیکن کرپٹ لوگوں کو پکڑنے کے لئے کوئی تیار نہیں، اب تو پاناما لیکس چاچا ماما لیکس بن گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو چاہئے تھا کہ وہ ان انکشافات کے بعد اقتدار سے الگ ہو جاتے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کی جانب سے کرپشن کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس سلسلے میں 19 اپریل کو کراچی کے 30 مختلف مقامات پر مظاہرے کئے جائیں گے۔