کراچی کنگز کی پہلی شکست، اسلام آباد یونائیٹڈ کی 8 وکٹوں سے فتح

Islamabad United

Islamabad United

شارجہ (جیوڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 154 رنز کا ہدف 17.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ کراچی کنگز کو ایونٹ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 15 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو با آسانی شکست دیدی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز جے پی ڈومنی اور لیوک رونچی نے جارحانہ انداز میں کیا اور 104 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی، تاہم لیوک رونچی 71 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔

ون ڈاؤن آنے والے کھلاڑی حسین طلت 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد جے پی ڈومنی اور آصف علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 154 رنز کا ہدف اٹھارویں اوور میں پورا کرلیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر اور عرفان جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو ییٹنگ کی دعوت دی تھی ۔ کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 153 اسکور بنا کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے 154 رنز کا ہدف مقرر کیا تھا۔ کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز خرم منظور اور جوئے ڈینلی نے کیا تھا۔ 6 کے مجموعی اسکور پر جوئے ڈینلی 4 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔

خرم منظور اور بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے نصف سینچری اسکور کیا۔ خرم منظور 51 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے جبکہ بابر اعظم 55 رنز بنا کر حسین طلعت کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کراچی کنگز کی جانب سے محمد رضوان نے آخری اوورز میں تیزرفتاری سے کھیلتے ہوئے 20 رنز بنائے تھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف تین وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین بولر رہے جبکہ محمد سمیع اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ کے 15ویں میچ میں کراچی کنگز کی ٹیم میں ڈینلی، خرم منظور، بابر اعظم، انگرام، بوپارہ، عماد وسیم، محمد رضوان، عرفان جونیئر، محمد عامر، عثمان شنواری اور ٹائمل ملز شامل تھے۔

اسلام آباد کی ٹیم میں رونچی، فرحان، ڈومنی، مصباح الحق، حسین طلعت، شاداب خان، فہیم اشرف، آندرے رسل، آصف علی، محمد سمیع اور سمت پٹیل شامل تھے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں کراچی کنگز کی ٹیم پوائٹس ٹیبل پر سات پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس سیزن میں 5 میچز کھیل کر3 میں فتح حاصل کی اور 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔