آل کراچی کورنگی بلوچ چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں باران محمڈن کا بلوچ یوتھ ملیر کو شکست دیکر شاندار فتح حاصل کر لی

Karachi

Karachi

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کورنگی بلوچ فٹ بال کلب کے زیر اہتمام گیٹس فارما کے تعاون سے جاری آل کراچی کورنگی بلوچ چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں باران محمڈن نے مد مقابل بلوچ یوتھ ملیر کو 2-0سے شکست دیکر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے پیر بخش اور نور حسین نے نہایت عمدہ گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا دوران کھیل بلوچ یوتھ ملیر کے گول کیپر طلحہ نے ریفری جمیل ناز پر ہاتھ اُٹھا یا جس پر ریفری نے انہیں ریڈ کارڈ کا سامنا کراتے ہوئے گرائونڈ بدر کیا۔

ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دیگر میچوں میں بلوچ یوتھ گارڈن نے یاسین اسٹار ڈالمیا کو 3-0سے ہرادیا ،محمد بلال نے دو جبکہ عاطف نے ایک گول اسکور کئے ،تیسرے میچ میں شفیع الیون ملیر نے باآسانی لسبیلہ اسٹوڈنٹس کو 4-0سے ٹھکانے لگا دیا۔

شفیع الیون کی جانب سے عمر خان نے بالترتیب 46اور 89ویں منٹ میں2گول جبکہ جمیل نے 75ویں اور شمسیر نے 86ویں منٹ پر گول اسکور کئے ۔ٹورنامنٹ میں آج آزاد الیون میمن گوٹھ کا مقابلہ عرفان میموریل سے ہوگا۔

کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض جمیل ناز ،محمد اسماعیل ،عبدالرحمن ،عبدالطیف اور اسلام الدین نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر گل محمد کامریڈ اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔