کراچی میں لینڈ مافیا کی نذر ہونے والی کروڑوں روپے کی اراضی کا پتہ لگا لیا گیا

Karachi City

Karachi City

کراچی (جیوڈیسک) شہر میں چائنا کٹنگ کے حوالے سے آئے روز نت نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں اور تازہ ترین انکشاف کے مطابق ایف آئی اے نے لینڈ مافیا نے نذر ہونے والے کروڑوں روپے مالیت کے 2 درجن سے زائد پلاٹس کا پتہ چلا لیا ہے۔

ایف آئی اے نے کراچی میں لینڈ مافیا کی نذر ہونے والے 28 پلاٹس کا سراغ لگا لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لینڈ مافیا نے پارکس، میدان، اسپتال اور مسجد کے لیے مختص کروڑوں روپے کی اراضی چائنا کٹنگ کے ذریعے بیچ ڈالی جب کہ لینڈ مافیا نے گلستان جوہر اسکیم 36 کا ماسٹر پلان بھی غائب کردیا۔

لینڈ مافیا کی جانب سے گلشنِ اقبال، لیاقت آباد، غریب آباد اور دیگرعلاقوں میں ریلوے کی اربوں روپے ارضی پر بھی قبضہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا قبضہ کراچی میونسپل کارپوریشن کے افسران کی ملی بھگت سے کیا گیا، ریلوے اراضی پر قبضے کی تحقیقات بھی ایف آئی اے سے کرائے جانے کا امکان ہے جب کہ قبضہ کی گئی زمین کا ریلوے حکام نے بھی ریکارڈ ترتیب دینا شروع کردیا ہے۔