کراچی میں ایم کیو ایم لندن کے رہنما حسن ظفر کی لاش برآمد

Hassan Zafar Arif

Hassan Zafar Arif

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیوایم لندن کے رہنما حسن ظفر عارف کی لاش ابراہیم حیدری کے علاقے سے ملی ہے۔

کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری سے ایک لاش ملی ہے، پولیس کا کہنا ہے ملنے والی لاش ایم کیوایم لندن کے رہنما پروفیسر حسن ظفر عارف کی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاش کی شناخت ان کی جیب سے ملنے والے کارڈ سے ہوئی ہے تاہم مزید معلومات کے لئے لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاکہ پتا چل سکے کہ ہلاکت کی کیا وجہ ہے اور مرنے والے شخص کی شناخت کی تصدیق ہو سکے۔

دوسری جانب جناح اسپتال کی انچارج شعبہ حادثات ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے لائی گئی لاش پر کسی قسم کے تشدد کے نشانات نہیں ہیں اور موت طبعی ہو سکتی ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی بتایا جا سکتا ہے کہ پروفیسر حسن ظفر عارف کو قتل کیا گیا تھا یا ان کی طبعی موت ہوئی ہے۔