کراچی آپریشن کی تکمیل پر کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے،کور کمانڈر

Core Commander

Core Commander

کراچی (جیوڈیسک) افضل ندیم ڈوگر…کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا ہے کہ پاکستان رینجرز کراچی کے امن میں مرکزی کردار ہیں، کراچی آپریشن کی تکمیل کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے۔

وہ یہاں پاکستان رینجرز، سندھ کے ٹریننگ سینٹر میں رینجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کررہے تھے۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد دی اور رینجرز کے شہداء سے اظہار یکجہتی کیا۔

اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ پاکستان رینجرز سندھ ایک نہایت جری اور قابل ستائش فورس کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ اس فورس کی کامیابیوں کا سہرا اس کے افسران، عہدیداروں اور جوانوں کے سر ہے۔

اُنہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک فرد نہیں بلکہ ایک ادارہ ہیں، آپ کا ہر عمل آپ کے ادارے کی پہچان بنے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان رینجرز صوبے کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ کراچی آپریشن مکمل طور پر غیر سیاسی، بلا امتیاز، ہر طرح کی مصلحت اور دباؤ سے آزاد ہے۔ اسے کامیاب اور پائیدار بنانے کے لئے ہمیں مل جل کر اور بھی کام کرنا ہوگا۔کراچی آپریشن کے اہداف رفتار کی قید سے آزاد ہیں ۔

کراچی آپریشن کی جہاں بہت سی کامیابیاں ہیں اُن کے نزدیک سب سے اہم اور ضروری اُمید کی بحالی ہے۔ اس سفر کی کامیابیوں کا اہم ستون عوام کی حمایت اور تعاون ہے۔ یہ سفر ہمیں مل جل کر طے کرنا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ کراچی کے عوام کو وہ ماحول میسر کرنا ہے جس میں وہ خوف سے آزاد ہوں۔ قانون کی بالادستی اور امن و امان کی فضا بہتر ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ رینجرز کا کھیلوں اور سماجی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کام کرنا بھی خوش آئند ہے۔ جب کبھی کراچی میں امن کی بحالی کا ذکر ہوگا تو پاکستان رینجرز کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔