کراچی آپریشن کے اہم کردار انسپکٹر بہاوٴ الدین بابر فائرنگ سے جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) افضل ندیم ڈوگر کراچی کے علاقے میٹروول سائٹ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے کراچی آپریشن کے اہم کردار پولیس افسر بہاوٴ الدین بابر جاں بحق ہوگئے۔ بہاوٴالدین بابر آوٴٹ آف ٹرن ترقی پانے والے پولیس افسران کے خلاف عدالتی کارروائی میں بھی پیش پیش تھے۔

پولیس کے مطابق اے وی سی سی میں تعینات انسپکٹر بہاوٴ الدین بابر سائٹ کے علاقے میٹروول میں واقع اپنے گھر سے دفتر جانے کیلئے روانہ ہوئے تو سائٹ میں باب خیبر کے قریب موٹرسائیکلوں پر سوار ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے بہاوٴ الدین بابر شدید زخمی ہوئے انہیں رینجرز نے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا تاہم وہ راستے میں دم توڑ گئے۔

شہید انسپکٹر بہاوٴالدین بابر سال 1992ء میں کئے گئے کراچی آپریشن کا اہم کردار رہے، جس کے بعد سی آئی ڈی، اے سی ایل سی، اینٹی وائلینس اینڈ کرائم سیل، ایس آئی یو اور دیگر شعبوں میں کام کرتے رہے۔

بہاوٴ الدین بابر لیاری گینگ وار اور کالعدم تحریک طالبان کے خلاف کارروائیوں میں بھی پیش پیش تھے۔ بہاوٴ الدین بابر کراچی میں بینک ڈکیتیوں میں ملوث گروہوں، اغواء برائے تاوان اور اسٹریٹ کرائم کے ملزمان کے خلاف کارروائیوں میں بھی مہارت رکھتے تھے۔