کراچی میں امن برقرار رکھنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں: آرمی چیف

General Qamar Javaid Bajwa

General Qamar Javaid Bajwa

راولپنڈی (جیوڈیسک) جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں امن پر رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں احکامات دیے کہ کراچی میں امن برقرار رکھنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبے کی سیکیورٹی صوتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ قیام امن سے کراچی میں تجارتی سرگرمیاں بھی بحال ہو گئی ہیں۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو امن برقرار رکھنے کے لئے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بعد ازاں کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے نیشنل سیکیورٹی پر دوسری ورکشاپ سے خطاب کیا۔ ورکشاپ کا انتظام سدرن کمانڈ نے حکومت بلوچستان کے ساتھ مل کر کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے جامع قومی حکمت اپنانے کی ضرورت ہے۔ فوج ریاست کے دیگر اداروں کے تعاون سے خطرات کا موثر جواب دے رہی ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب، فرقہ یا قومیت نہیں، قوم کے عزم کے ساتھ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔