کراچی : پلاسٹک دانہ بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی، قیمتی سامان نذر آتش

Karachi Factory Fire

Karachi Factory Fire

کراچی (جیوڈیسک) سائٹ کے علاقے میں واقع پلاسٹک کے دانے کی فیکٹری میں صبح سویرے اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے کمپاؤنڈ میں واقع دیگر فیکٹریوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

فائر بریگیڈ کی 8 سے زائد گاڑیوں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ امدادی کارروائیوں کے دوران فائر بریگیڈ کے 2 اہلکار بے ہوش اور چوکیدار سمیت 2 زخمی بھی ہوئے۔

سائٹ بی تھانے کی حدود بلدیہ رشید آباد کے علاقے میں واقع لکی کمپاؤنڈ میں قائم پلاسٹک دانے کی فیکٹری کی تیسری منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے کمپاؤنڈ میں واقع گارمنٹس اور پولی تھین بیگس تیار کرنے والی فیکٹریوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور امدادی کام شروع کر دیا۔

دوسری طرف فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ لکی کمپاؤنڈ کی فیکٹریوں میں لگنے والی آگ پر قابو پانے میں آمد و رفت کے راستوں کی تنگی کے باعث شدید دشواریوں کا سامنا رہا۔

تاہم تین فائر ٹینڈرز سمیت 8 گاڑیوں نے تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا جبکہ امدادی کارروائیوں کے دوران دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے دو فائرمین بے ہوش اور چوٹ لگنے سے ایک زخمی بھی ہوا۔