کراچی:پولیس کی کارروائیاں، 16 گرفتار، آوان اوربال بم برآمد

Karachi Police

Karachi Police

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے گلستان جوہر،اورنگی ٹائون،بلدیہ ٹائون اور سائٹ میں پولیس نے کارروائی کرکے 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ آوان بم، اور بال بم برآمد کئے گئے۔

گلستان جوہر کے علاقے پہلوان گوٹھ میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا ،جس میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کی مختلف تھانوں کی پولیس نے ایس ایس پی ایسٹ چوہدری اسد کی سربراہی میں سرچ آپریشن کیا،جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی،سرچ آپریشن کے اختتام پر8 ملزمان کو گرفتار کرکے 6 ٹی ٹی پسٹل اور 2 آوان بم برآمد کرلئے گئے۔

بلدیہ ٹائون کے علاقے قائم خانی کالونی میں پولیس اور مبینہ ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا،پولیس نے دعوی ٰکیا کہ ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے، اورنگی ٹائون کے علاقے مومن آباد میں پولیس نے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان کے قبضے سے منشیات برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔سائٹ اے کے علاقے میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کرکے 02 ملزمان کو گرفتار کرلیا،ملزمان کے قبضے اسلحہ،بال بم اور ڈیٹونیٹر نصب رکشہ برآمد کرلیا۔