کراچی: پولیس کے سرچ آپریشن میں ڈاکو ہلاک، 5 ملزمان گرفتار

Karachi Police

Karachi Police

کراچی (جیوڈیسک) مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیوں میں 1 گینگ وار ملزم گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ 4 ملزمان مزید گرفتار ہوئے ہیں اور فیروز آباد میں شہری کی فائرنگ سے 1 ڈاکو بھی ہلاک ہو گیا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ جاوید جسکانی کے مطابق فیروز آباد کے علاقے میں شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہوگیا، ہلاک ہونے والا ڈاکو شہری سے لوٹ مار کر رہا تھا، کہ دوران ڈکیتی شہری نے اپنی پستول سے ڈاکوں پر فائرنگ کردی، ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت شہباز کے نام سے ہوئی ہے۔

ادھر لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوِئے عزیر بلوچ گروپ کا کمانڈر گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم بھتہ خوری اور ڈکیتی سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ ایس پی سٹی زیشان صدیقی کے مطابق گارڈن میں اولڈ اسکول روڈ پر پولیس مقابلے میں 1ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔

کھارادر تھانے کی حدود میں نپئرروڈ پر پولیس کی کارروائی میں 1منشیات فروش کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، گرفتار منشیات فروش کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب محمود آباد پولیس نے کارروائی کرکے 2 اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہیں اور ہاکس بے میں مشرف کالونی سے 1شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، جسے ضابطے کی کاروائی کے لئے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔