کراچی : پولیس فائرنگ سے دو ڈاکوئوں کے زخمی ہونے کا معاملہ مشکوک ہو گیا

Protest

Protest

کراچی (جیوڈیسک) پولیس فائرنگ سے زخمی دو ڈاکوؤں کا معاملہ مشکوک ہو گیا، اہلخانہ کا کہنا ہے ایک ڈرائیور دوسرا کلینر ہے، اہلکاروں نے روک کر گولیاں ماریں۔

کراچی کے علاقے شیر شاہ میں ہونے والے پولیس مقابلے پر سوال کھڑے ہوگئے۔ پولیس نے دو موٹر سائیکل سواروں فرید اور ذاکر کو ناکے پر نہ رکنے پر پیروں پر گولیاں مار دیں جس سے دونوں زخمی ہوگئے اور انہیں ڈاکو قرار دے دیا۔

واقعے کے عینی شاہد نے الزام لگایا کہ پولیس نے دونوں کو روک کر گولیاں ماریں۔ جناح ہسپتال میں زیرعلاج محمد فرید کے اہلخانہ پولیس کے خلاف پھٹ پڑے۔ ان کا کہنا ہے فرید نجی کمپنی میں ڈرائیور ہے ، ذاکر حسین اس کا ہیلپر ہے۔

فرید کے بھائی نے الزام لگایا ہے کہ پولیس انہیں دھمکا بھی رہی ہے۔ مقابلے میں زخمی دونوں ملزموں کے اہل خانہ نے جناح ہسپتال کے باہر احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ دوسری جانب ان مبینہ ڈاکوؤں کے بارے میں پولیس نے فوری طور پر کوئی موقف نہیں دیا۔