کراچی پولیس تحریک انصاف کی ریلی کو ریڈ زون میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے تیار

PTI Rally

PTI Rally

کراچی (جیوڈیسک) ڈی آئی جی کراچی جنوبی ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں انتخابی ریلی کو ریڈ زون میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے چیئرمی عمران خان کی قیادت میں انتخابی ریلی کراچی کے مختلف علاقوں سے گزرے گی، ان کے پروگرام میں سلطان آباد کا دورہ بھی شامل ہے جہاں وہ ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کریں گے۔ سلطان آباد جانے کے لئے انہیں ریڈ زون سے گزرنا پڑے گا جہاں کئی اہم سرکاری اداروں کے دفاتر ہونے کے باعث سیاسی یا احتجاج کی ممانعت ہے۔

ڈی آئی جی کراچی جنوبی ڈاکٹر جمیل احمد کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں کسی کو بھی ریلی کی صورت میں جانے کی اجازت نہیں جب کہ کوئی بھی ریلی اگرریڈ زون میں داخل ہوگی تو اسے روکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جنوبی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، کسی بھی ناخوشگوار صورت حال پر قابو پانے کے لئے ریپڈ ریسپانس فورس کی 6 کمپنیوں کو طلب کرلیا ہے جسے مخرتلف علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے عمران خان کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ لیاری کی اندرونی گلیوں میں نہ جائیں۔

ڈاکٹرجمیل کا کہنا تھا کہ کسی بھی جماعت کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں، سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو کارنرمیٹنگ کی اجازت ہے تاہم وہ ریلی اورجلسے نہیں کرسکتے۔