بلا تفریق احتساب سے اجتناب قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے ‘ ایم آر پی

karachi

karachi

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی ‘ مرکزی صدر سلیمان راجپوت اور سیکریٹری اطلاعات عمران چنگیزی نے قومی حالات و ضروریات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے بعد زور پکڑنے والی الزامات کی سیاست میںشدت آچکی ہے اورٹی اوآرز پر حکومت و اپوزیشن عدم اتفاق عید کے بعد دھرناواحتجاجی سیاست کی نشاندہی کررہاہے جبکہ پیپلز پارٹی ‘ تحریک انصاف اور عوامی تحریک بھی وزیراعظم نواز شریف کیخلاف نا اہلی کا ریفرنس جمع کراچکی ہیں اورحکمران جماعت کے مقتدر افراد پانامہ لیکس تحقیقات اور ویر اعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والے ہر فرد و قوت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے۔

اس پر بھی کرپشن کے الزامات کچھ اس طور لگارہے ہیں کہ عوام کی سمجھ نہیں آرہا کہ کون چور ہے ‘ کون لٹیرا ہے اور کون حب الوطنی کا نقاب اوڑھے ملک و قوم سے غداری کا مرتکب ہورہا ہے جبکہ عدلیہ بھی اس سارے معاملے میں خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے‘ دوسری جانب الیکشن کمیشن کا مفادپرستانہ ‘ جانبدارانہ اور منافقانہ کردار تو قوم کے سامنے ہے جس کا مطلب ہے کہ پاکستان کا آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے اور حکومت ‘ انتظام و انصاف سے لیکر تحفظ و دفاع کوئی شعبہ کرپشن کی لعنت سے پاک نہیں ہے اور اگر انصاف کے ذمہ دار ادارے نے اپنا غیر جانبدارانہ و ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے بلا تفریق احتساب نہیں کیا اور تحفظ و دفاع کے ذمہ داران نے بلا تفریق احتساب میں انصاف کے ذمہ داروں کا ساتھ نہیں دیا تو پھر اس قوم کے مستقبل کی تباہی کے ذمہ داران میں حکومت اورانتظام کے ساتھ انصاف ‘ تحفظ اور دفاع کے اداروں کا نام بھی لکھا جائے گا ۔