کراچی: آلو کی قیمت میں 10 روپے اضافہ دیگر سبزیاں 50 فیصد سستی

Vegetables

Vegetables

کراچی (جیوڈیسک) سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی کراچی میں آلو 10 روپے کلو مہنگا جبکہ دیگر سبزیاں 50 فیصد تک سستی ہو گئی ہیں۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران آلو کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد مارکیٹ میں نیا آلو 40 روپے جبکہ پرانہ 30 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے۔

کراچی سبزی منڈی ایسوسی ایشن کے صدر شاہ جہاں نے دنیا نیوز کو بتایا کہ دسمبر اور جنوری کے دوران آلو کی نئی فصل آنے اور پرانا آلو ختم ہونے کے سبب اس کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ دسمبر تک نئی فصل آنے سے جنوری تک آلو دوبارہ 15 سے 20 روپے فی کلو میں فروخت ہونا شروع ہو جائیں گے۔

دوسری جانب 15 روز کے دوران کراچی میں دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں 50 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ ٹماٹر کی قیمت 70 روپے سے کم ہو کر 30 روپے کلو، لوکی 50 روپے سے کم ہوکر 25 روپے کلو، توری 50 روپے سے کم ہوکر 20 روپے کلو اور کھیرا 40 روپے کمی سے 20 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ ادرک 50 روپے اور لہسن 150 روپے کلو کا ہو گیا ہے۔