کراچی کی عوام سے سیاسی انتقام کی روایت ختم کی جائے۔ جی کیو ایم

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے کراچی شہر کی ابتر صورتحال پر اظہار افسوس ومذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں جاری بجلی ‘ پانی و گیس بحران ‘ ٹریفک جام کی بدترین صورتحال ‘ سڑکوں پر پتھارہ مافیا اور پارکنگ مافیا کا قبضہ ‘ ابلتے ہوئے گٹر ‘ صفائی کی ناقص صورتحال کے باعث گندگی و غلاظت کے ڈھیر سے اٹھتے ہوئے تعفن کے باعث پھیلنے والے موذی امراض اور اسپتالوں میں ادویات وطبی سہولیات کی عدم فراہمی و قلت اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمران جماعت صوبائی دارالحکومت کے عوام سے سیاسی انتقام لے رہی ہے۔

حالانکہ کراچی کسی ایک سیاسی جماعت کے چاہنے والوں کا شہر نہیں ہے یہاں اگر متحدہ قومی موومنٹ کو اکثریت حاصل ہے تو جماعت اسلامی ‘ مسلم لیگ کے تمام دھڑوں ‘ تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں کے علاوہ خود پیپلز پارٹی کے اپنے ووٹرز ‘سپورٹرز ‘ ہمدرد ‘ کارکن اور جانثار بھی بستے ہیں اسلئے پیپلز پارٹی کی قیادت کراچی کو نظر انداز اور بلدیاتی سہولیات سے محروم اور مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ کر جس سیاسی مفاد پرستی کا مظاہرہ کررہی ہے وہ کسی بھی طور اس کے حق میں نہیں ہے۔

بلکہ اسے دائمی سیاسی موت کی جانب لے جارہی ہے اسلئے بھٹو کے نام پراقتدار پانے والے احمقانہ طرز عمل چھوڑ کر بھٹو کے افکار واعمال اور سیاسی بصیرت و دانشمندی کے مطابق عنان حکومت چلائیں تو ان کا سیاسی مستقبل بھی محفوظ ہوسکتا ہے اور کراچی کے عوام کو بھی مسائل و مصائب سے نجات مل سکتی ہے۔