کراچی آپریشن رینجرز آپریشن میں توسیع کا متقاضی ہے ‘ راجونی اتحاد

Rangers

Rangers

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پنجاب میں رینجرز آپریشن اور کراچی جیسے اختیارات دینے سے حکومتی انکار اور رینجرز آپریشن کو صرف جنوبی پنجاب کے تین اضلاع تک محدود رکھنے کی کوششوں کو مسلم لیگ (ن) کا پیپلز پارٹی جیسا کردار قرار دیتے ہوئے پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما امیر علی سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ ‘خان آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی فرزند جونا گڑھ اقبال چاند اور این جی پی ایف کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا ہے کہ رینجرز نے کراچی میں امن قائم کرکے اپنی جس افادیت کا ثبوت دیا ہے وہ ملک بھر میں رینجرز آپریشن کی متقاضی ہے کیونکہ کراچی کے عوام کو تو صرف بھتہ خوروں ‘ مافیاز اور ٹارگیٹ کلرز نے یرغمال بنایا ہوا تھا اور سندھ کے دیگر علاقوں کے عوام کو ڈاکووں ‘ اغواکاروں ‘ سیاستدانوں اور وڈیروں و جاگیرداروں نے یرغمال بنایا ہو اہے جبکہ پنجاب کی صورتحال بھی سندھ سے کچھ زیادہ مختلف نہیں ہے۔

اسلئے کراچی کے بعد اب پورے سندھ اور پورے پنجاب میں بھی بلا تفریق رینجرز آپریشن ہونا چاہئے کیونکہ لاہور کراچی سے بھی بدتر حالات کا شکار ہے اور پنجاب کے عوام سندھ سے زیادہ عوام دشمن قوتوں کے مظالم کو بھگت رہے ہیں۔